بیٹے کے بعد بیوی نیتو سنگھ بھی رشی کپور سے تنگ

April 23, 2018

بالی ووڈ کے لیجنڈ اداکار رشی کپور ایک طرف اپنی فلم ’ناٹ آئوٹ 102‘ کے حوالے سے سرخیوں میں ہیں تو دوسری طرف بیٹے رنبیر کپور کے بعد ان کی بیوی نیتو سنگھ نے بھی ان کے خلاف لب کھول دئیے ہیں۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بالی ووڈ میں محبت کی شادی کرنے والے جوڑے کی لو اسٹوری ایک زمانے تک زبان زد عام رہی ہے ، ساتھ ہی یہ بات اب ڈھکی چھپی نہیں کہ رشی کپور کے بیٹے رنبیر کپور اور اب ان کی بیوی نیتو سنگھ ان کی شراب نوشی سے تنگ ہیں۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق نیتو سنگھ نے کہا کہ کپور خاندان میں کوئی کسی کی زندگی میں مداخلت نہیں کرسکتا ،میرے شوہر کی بدسلوکی پر سب کی خاموشی سے میں سمجھ گئی کہ میری مدد صرف میرا بیٹا ہی کرسکتا ہے۔

ایک انٹر ویو میں نیتو سنگھ نے یہ بھی کہا کہ رشی کپور کو بہت برا لگتا ہے جب میری وجہ سے رنبیر کپور ان کے سامنے کھڑا ہوجاتا ہے ۔

واضح رہے کہ رشی کپور سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کافی متحرک ہیں اور کئی بار انہوں نے اپنے جذباتی انداز میں صحافیوں کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے اور وہ مداحوں سے بھی جھگڑا چکے ہیں۔

ان کے آئے دن کے تنازعات کے بعد بالی ووڈ کے ہینڈسم بیچلر کے رنبیر کپور نے ایک بیان میں کہا تھا کہ والد صاحب رات ساڑھے 10 بجے کے بعد اپنے ہوش میں نہیں رہتے ہیں، اب نیتو سنگھ نے بھی شراب نوشی اور بدسلوکی پر زبان کھول دی ہے ۔