ایران سے نیا جوہری معاہدہ، امریکا و فرانس متفق

April 24, 2018

امریکا اور فرانس نے ایران کے ساتھ نئے جوہری معاہدےپر کام کرنے پر اتفاق کیا ہے ۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور فرانسیسی صدر میکروں کے درمیان وائٹ ہائوس میںہونے والی ملاقات میں ایران جوہری معاہدے سمیت اہم عالمی امور پر گفتگو ہوئی۔

مشترکہ پریس کانفرنس میں امریکی صدر نے کہا کہ مضبوط بنیادوں کے ساتھ نئے ایرانی معاہدے پر کام کرنا چاہتے ہیںجبکہ فرانسیسی صدر نے کہا کہ وہ ایرانی معاہد ختم نہیں کرنا چاہتے لیکن اس میں مزید نکات شامل کئے جانے کے حق میں ہیں۔

امریکی صدر نے یہ بھی کہا کہ مشرق وسطیٰ کےمسائل میں ایران کا ہاتھ نظر آتا ہے،اسے دہشت گردوں کی مدد بند کرنا ہوگی، تہران کو جوہری ہتھیار بنانے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔

ٹرمپ کا مزید کہناتھاکہ شام میں لوگوں کے خلاف کیمیائی حملہ ناقابل قبول ہے ،شمالی کوریا پر دبائو جاری رکھیں گے ،دہشت گرد حملوں کے خلاف فرانس سے اظہار یکجہتی کرتے ہیں، اپنے لوگوں کےتحفظ کےلئے جو ممکن ہوسکا کریں گے ۔

انہوں نے کہا کہ امریکی افواج کو شام سے نکالنا چاہتے ہیں ،عراق اور شام سے داعش کا خاتمہ کیا ہے ، خطے میں ایران کو کھلی چھوٹ نہیں دے سکتے۔

فرانسیسی صدر میکرون کا کہناتھاکہ صدر ٹرمپ کے ساتھ ایران پر کھل کر بات ہوئی ہے، نئے ایران جوہری معاہدے پر امریکا فرانس مل کر کام کرنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ صرف جوہری پروگرام مسئلہ نہیں ایران کا بیلسٹک میزائل پروگرام بھی بہت بڑا مسئلہ ہے۔