پی ایس پی اور ایس ایس جی سی میں مذاکرات کامیاب، احتجاجی کال واپس

April 25, 2018

کراچی ( اسٹاف رپورٹر)پاک سرزمین پارٹی اور سوئی سدرن گیس کمپنی کے درمیان مذاکرات کامیاب ہونے کے بعد پی ایس پی کا آج ہونے والے احتجاج منسوخ کردیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق منگل کو ایس ایس جی سی اور پاک سر زمین پارٹی کی قیادت میں کراچی میں بجلی بحران کے حوالے سے پی ایس پی کی جانب سے ایس ایس جی سی ہائوس کے سامنے اعلان کردہ احتجاج کی کال واپس لینے کیلئے مذاکرات ہوئے۔ایس ایس جی سی ٹیم نے پی ایس پی کی مرکزی قیادت چیئرمین انیس قائم خانی اور پی ایس پی کے صدر مصطفی کمال سے ملاقات کی اور انہیں ایس ایس جی سی ہائوس آکر انتظامیہ سے ملاقات کرنے کی دعوت دی جو کہ پی ایس پی نے قبول کرلی۔دریں اثنا ایس ایس جی سی ترجمان کے مطابق ،کے الیکٹرک کو پیر کے روز 110ایم ایم سی ایف ڈی جبکہ منگل کے روز 130ایم ایم سی ایف ڈی گیس فراہم کردی گئی ہے تاکہ کراچی کے شہری جو کہ ایس ایس جی سی کے کسٹمرز بھی ہے ان شدید گرمی کے دنوں میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ سے نجات دلائی جا سکے۔ ترجمان کے مطابق اگلے 48 سے 72 گھنٹے کے دوران مزید 60 ایم ایم سی ایف ڈی آر ایل این جی گیس کے الیکٹرک کو دی جائے گی۔