پاکستان ٹائیفائیڈ سے بچاؤ کی ویکسین مہم چلانے والا پہلا ملک بن گیا،رپورٹ

April 27, 2018

لند ن ( آن لائن ) پاکستان دنیا کا پہلا ملک بن گیا ہے جس نے بچوں میں ٹائیفائیڈ سے بچاو کی ویکسین مہم کا اعلان کیا ہے تاکہ اس وبا پر قابو پایا جاسکے جس پر اب دوا کا اثر ختم ہوتا جارہا ہے۔برطانوی اخبار کی ایک رپورٹ کے مطابق یہ نئی ویکسین بچوں کی معمول کی ویکسینیشن شیڈول میں شامل کی جائے گی اور اس کی وجہ ٹائیفائیڈ کے ایسے جراثیموں کا پھیلنا ہے جو کہ 5 مختلف اقسام کی اینٹی بایوٹیکس ادویات کے خلاف مزاحمت کرتے ہیں۔ٹائیفائیڈ کی یہ قسم نومبر 2016 میں سب سے پہلے حیدرآباد میں دریافت ہوئی تھی اور پھر ملک بھر میں پھیل گئی جس کے نتیجے میں 4 افراد ہلاک اور 800 بیمار ہوئے۔