شوگر ملز مالکان کو گنے کے کاشتکاروں کو ادائیگی کیلئے پانچ ہفتے کی مہلت

April 27, 2018

اسلام آباد(نمائندہ جنگ)عدالت عظمیٰ میں شوگر ملوں کی انتظامیہ کی جانب سے گنے کے کاشتکاروں کو عدم ادائیگی کے خلاف دائر کی گئی متفرق درخواستوں کی سماعت کے دوران عدالت کے نوٹس پر حاضر ہونے والے ملک بھر کی شوگر ملوں کے مالکان کو گنے کے کاشتکاروں کو کی جانے والی ادائیگی کے لئے پانچ ہفتے کی مزید مہلت دیتے ہوئے ادائیگی کے بعد اس حوالے سے بیان حلفی جمع کروانے کا حکم جاری کیا ہے جبکہ چیف جسٹس نے کہا ہے کہ اگر گنے کی قیمت سے متعلق عدالت کو فراہم کی گئی معلومات بعد میں غلط نکلیں تو ذمہ داروں کے خلاف فوجداری مقدمے چلائے جائیں گے ، عدالت نے باقی ماندہ شوگر ملزمالکان کو بھی آئندہ بدھ تک پیش ہونے کی ہدایت کی ہے ، چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں جسٹس عمر عطا بندیال اور جسٹس سجاد علی شاہ پر مشتمل تین رکنی بنچ نے جمعرات کی شام 5بجے کیس کی سماعت کی( جو ڈھائی گھنٹے تک جاری رہی )عدالت کے نوٹس پر جہانگیر ترین، سلمان شہباز، میاں عامر محمود ،میاں منیراورانور مجید سمیت ملک بھر کی شوگر ملوں کے متعددمالکان پیش ہوئے ، گلف ملز کے مالک میاں عامر نے بتایا کہ اب تک 60فیصد ادائیگی کر چکے ہیں،جس پر فاضل عدالت نے انہیں ایک لاکھ روپے فاطمید فائونڈیشن کو چندہ جمع کروانے کا حکم دیتے ہوئے ہدایت کی کہ پانچ ہفتوں میں بقیہ ادائیگی کویقینی بنائیں،وزیر اعلیٰ پنجاب کے صاحبزادے و ملز مالک ،سلمان شہباز سے جسٹس عمر عطا نے پوچھا کہ بتائیں کس ریٹ پر کب تک ادائیگی کردیں گے تو انہوںنے کہا کہ 180 روپےکے حساب سے ادائیگی کر رہے ہیں،جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ سوچ لیجئے، پھر سوچ لیجئے، غلط بیانی کی سزا بھی ہو سکتی ہے ؟جس پر انہوںنے کہا کہ 10ہفتے دے دیں چینی کاریٹ بہتر ہو جائے گا،چیف جسٹس نے کہا کہ آپ کے پاس بہت پیسہ ہے، آپ ریٹ پر صحیح بات کریں، اور پانچ ہفتوں میں ادائیگی کردیں ، عدالت نے جہا نگیر تر ین کو بھی 5 ہفتوں میں ادائیگی کا حکم جاری کیا ، اتفاق شوگر ملز کے وکیل نے بتایا کہ اتفاق شوگر ملز نے 65 فیصد ، عبداللہ شوگر مل نے 80 فیصد سے زائد جبکہ حسیب وقاص نے 75 فیصد ادائیگی کر دی ہے، رمضان شوگر ملز کے وکیل نے کہا کہ 85 فیصد ادائیگی کی ہے، شاہ تاج 67 فیصد اور ایس ڈبلیو نے 87.67 فیصد ادائیگی کر دی ہے،چیف جسٹس نے کہا کہ پانچ ہفتوں کے بعد اسی کیس کو سننا ہے بتا دیتا ہوں، کسی کسان کی ادائیگی چیک کے بغیر نہیں کی جائے گی، پتوکی شوگر ملز کے مالک نے کہا کہ 158 روپے کے حساب سے ادائیگی کی ہے، ہمیں بہت نقصان ہوا ہے،جس پرچیف جسٹس ثاقب نثار نے کہا کہ ٹھیک ہے آپ کی مل بند کر دیتے ہیں، چیف جسٹس نے کہا کہ میاں منیر یا جہانگیر ترین یہ مل خرید لیں اور کسانوں کو ادائیگی کر دیں۔