’جو نرس بننا چاہے، اسے جرمنی رہنے دیا جائے‘

April 30, 2018

جرمنی میں گرین پارٹی نے تجویز پیش کی ہے کہ ایسے تارکین وطن کو جو نرسنگ اور معمر افراد کی دیکھ بھال کے شعبوں میں کام کرنے کے خواہش مند ہوں، جرمنی میں رہائش اختیار کرنے کی اجازت دی جانا چاہیے۔

جرمنی بھر کے اسپتالوں میں تربیت یافتہ نرسوں اور عمر رسیدہ افراد کی دیکھ بھال کرنے والے عملے کی شدید قلت پائی جاتی ہے۔

جرمن نیوز ایجنسی سے گفتگو کرتے ہوئے گرین پارٹی کے پارلیمانی لیڈر روبرٹ ہابیک کا کہنا تھا ’’ہمیں جرمنی میں نرسوں اور صحت سے متعلق عملے کو مستقل رہائشی اجازت دینے کی ضرورت ہے اور اس معاملے کو پناہ کے ملکی قوانین میں بھی شامل کیا جانا چاہیے۔‘‘

دوسری جانب جرمنی میں ایسے مہاجرین اور تارکین وطن کی تعداد میں بھی نمایاں اضافہ ہو رہا ہے جو نرسنگ کے شعبے میں مہارت حاصل کرنے کے لیے زیر تربیت ہیں۔

اسی تناظر میں ہابیک نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ان شعبوں میں کام کرنے والے تارکین وطن کو زیادہ عرصہ تک جرمنی میں رکھا جانا چاہیے اور اس ضمن میں پناہ کی قوانین میں تبدیلیوں کی بھی ضرورت ہے۔