پی پی ایل کو چیلنج کپ فٹ بال میں تیسری پوزیشن حاصل

May 09, 2018

نذیر کی شاندار ہیٹ ٹرک کی بدولت پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ نے پی ایف ایف چیلنج کپ فٹ بال میں سول ایوی ایشن اتھارٹی کو 5اعشاریہ1 کی یکطرفہ شکست دے دی۔

نذیر کسی بھی ٹورنامنٹ میں ہیٹ ٹرک کرنے والے پی پی ایل کے پہلے کھلاڑی بھی بن گئے۔ پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ نے پہلی بار قومی ایونٹ میں شرکت کی اور شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرکے ملک کے بڑے ایونٹ میں تیسری پوزیشن حاصل کی۔

ٹورنامنٹ کا فائنل جمعرات کو سابق چیمپئن پاکستان واپڈا اور پاکستان ایئرفورس کے درمیان کھیلا جائے گا جس کے مہمان خصوصی پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے سینئر نائب صدر اور سندھ فٹ بال ایسو سی ایشن کے صدر سید خادم علی شاہ ہوں گے۔

کے پی ٹی فٹ بال اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے ٹورنامنٹ کی تیسری پوزیشن کے میچ میں مقابلہ یکطرفہ رہا۔ پی پی ایل کے کھلاڑی میچ میں آغاز سے ہی چھائے رہے۔ 21 ویں منٹ میں میچ کا پہلا گول عبداللہ نے کیا۔ پانچ منٹ بعد مہر اللہ نے اپنی ٹیم کی برتری ڈبل کردی۔ پہلے ہاف کے اختتام پر پی پی ایل کو 2 گول کی برتری حاصل تھی۔

دوسرے ہاف کے ابتدائی لمحات میں سول ایوی ایشن کے کھلاڑیوں نے تیزی دکھائی اور زین نے گول کرکے اسکور 2-1 کیا لیکن اس کے بعد پی پی ایل کے اسٹرائیکر نذیر نے شاندار انفرادی کھیل کا مظاہرہ کیا اور 67،79،85منٹ میں لگا تار تین گول گول اسکور کرکے اپنی شاندار ہیٹ ٹرک بھی مکمل کی۔

جنگ سے باتیں کرتے ہوئے پی پی ایل کے ڈائریکٹر برگیڈیئر (ر) فرقان احمد کا کہا تھاکہ بلوچستان کے دور دراز علاقوں پر مشتمل غریب کھلاڑیوں نے جس کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے وہ ہمارے لئے اطمینان بخش ہے، ہماری کوشش ہوگی کہ پی پی ایل فٹ بال ٹورنامنٹ سے مزید بہترین کھلاڑی تلاش کریں اور انہیں ٹیم کا حصہ بنائیں ،انہیں بہترین ٹریننگ دیں گے اور امید ہے کہ ہماری ٹیم مستقبل میں ہونے والے قومی ایونٹس جیتنے میں کامیاب ہوگی۔