امریکا میں چاند کی رویت پر مسلم کمیونٹی پھر تقسیم

May 16, 2018

امریکا میں ماہ رمضان کا چاند ایک مرتبہ پھر اس وقت متنازع بن گیا ہے جب اہلسنت والجاعت اور شیعہ کمیونٹی نے کیلی فورنیا کمیٹی کا فیصلہ نہ مانتے ہوئے امریکا بھر میں جمعرات کو پہلے روزے کا اعلان کیا ۔

سعودی عرب کے ساتھ رمضان منانے والی کئی مساجد اور اہلسنت والجماعت سمیت شیعہ مسلک نے بھی رات آٹھ بجے تک ملک کے کسی بھی حصے سے چاند نظر نہ آنے کے بعد جمعرات کو پہلے روزے کا اعلان کر دیا ۔

اس سلسلے میں محکمہ موسمیات اور خلائی تحقیقی ادارے ناسا کا بھی کئی لوگ حوالہ دے رہے ہیں اور کہا جارہا ہے کہ آج بادلوں کی موجودگی کے باعث چاند نظر نہیں آیا،تاہم کیلی فورنیا سے کچھ شہادتیں موصول ہوئیں جن کی بنیاد پر امریکا بھر کی کئی مسلمان تنظیموں نے بدھ کو پہلے روزے کا اعلان کردیا ہے۔

مقامی کمیونٹی نے مسلمان تنظیموں پر بھی کڑی تنقید کی ہے اور کہاہے کہ انہیں ان شہادتوں کے بارے میں بر وقت مطلع نہیں کیا گیا۔ ریاست ٹیکساس میں غیر واضح صورت حال کے باعث کئی مسلمان بدھ کو ہی روزہ رکھ رہے ہیں تاہم اہلسنت اور شیعہ کمیونٹی کے بعض علماء اکرام نے اسلامک ایسوسی ایشن کے فیصلے کو ردکرتے ہوئے جمعرات کو روزے کا اعلان کیا ہے۔

امریکا میں اس طرح ایک مرتبہ پھر اس سال بھی ریاست ٹیکساس اور امریکہ کے دیگر حصوں میں علیحدہ علیحدہ وقت پر رمضان شروع ہوگا۔ ہر سال رمضان اور عید کے موقع پر اس معاملےپر ایک تنازع اٹھ کھڑا ہوتا ہے اور طویل بحث اور مباحثوں کے بعد اس کا کوئی مستقل حل نہیں نکالا جا سکا ہے۔

اس صورت حال کے پیش نظر بعض علمائے اکرام نے مشورہ دیا ہے کہ آپ اس سلسلے میں اپنی لوکل مساجد کو فالو کریں ۔