یو ٹیوب کی نئی میوزک سروس

May 18, 2018

گوگل نے اعلان کیا ہے کہ وہ یو ٹیوب کی نئی میوزک اسٹریمنگ سروس، یو ٹیوب میوزک، کا آغاز کر رہا ہے۔ اگلے ہفتے اس کی پریمیم سروس بھی متعارف کرائی جائے گی۔

اگلے ہفتے 22 مئی کو متعارف کرائی جانے والی اس سروس میں چند اضافی فیچر بھی موجود ہیں مثلاً کسی بھی فرد کی یو ٹیوب ہسٹری اور چند دیگر استعمال کے پیٹرن کی بنیاد پر اپنی پلے لسٹ کو پرسنلائزڈ کر سکتے ہیں۔

ویڈیو اسٹریمنگ کمپنی کا مزید کہنا ہے کہ وہ یو ٹیوب پریمیم بھی لانچ کریں گے جس میں نئی تبدیلیوں کے ساتھ سبسکرپشن سروس موجود ہے۔

اپنے بلاگ پوسٹ میں یو ٹیوب لکھتاہے کہ یوٹیوب میوزک پر اشتہارات کے بغیر پریمیم سروس سے فائدہ اٹھانے کے لیے ماہانہ 9اعشاریہ99 ڈالر کے چارجز ادا کرنے ہوں گے تاہم اشتہارات کے ساتھ سروس سے بغیر کسی ادائیگی کے مفت میں فائدہ اٹھایا جا سکتا ہے۔

اس کے علاوہ یو ٹیوب کے اوریجنل شوز دیکھنے کے لیے 2 ڈالر کی اضافی رقم چارج کی جائے گی۔ یعنی تمام نئے پریمیم ممبران سے99 اعشاریہ گیارہ ڈالر وصول کیے جائیں گے۔

یو ٹیوب کے مطابق’’پریمیم صارفین جن اوریجنل شوز کو دیکھ سکیں گے ان میں کوبرا کائی، اسٹیپ اپ: ہائی واٹر اور یوتھ اینڈ کانسیکو ئنسس جیسے پروگرام شامل ہیں۔‘‘

تاہم جو صارفین پہلے ہی یو ٹیوب ریڈ کے ممبرز ہیں، ان کے لیے وہی ماہانہ فیس رہے گی جو وہ ادا کر رہے ہیں۔

ابتدائی طور پر یو ٹیوب میوزک امریکا، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، میکسیکو اور جنوبی کوریا میں لانچ کی جائے گی۔

اس سروس کو بتدریج دوسرے ممالک میں آئندہ چند ہفتوں میں لانچ کیا جائے گا۔