مختلف حادثات و واقعات میں ایک ہلاک، 25 زخمی

May 20, 2018

جامشورو+ نوشہرو فیروز + ڈگری (نامہ نگاران) مختلف حادثات و واقعات میں ایک ہلاک، 25زخمی ہوگئے، پسند کی شادی نہ ہونے پر نوجوان کا اقدام خودکشی، تفصیلات کے مطابق جامشورو ۔کراچی سے جیکب آباد جانے والی مسافر کوچ تیز رفتاری کے باعث پیر جھنڈو کے نزدیک ڈرائیور سے بے قابو ہوکر اُلٹ گئی اور لگا تارقلابازیاں کھاتی ہوئی گہری کھائی میں جا گری۔ جس سے ایک شخص رسول بخش جعفری موقع ہی پر جاں بحق ہوگیا جبکہ 20 مسافر جن میں بصراں سولنگی، ایک سالہ کائنات، سات سالہ خوشبو، مسمات راج بی بی ،کیھر بھیل، حامد خاصخیلی،مسمات بشیرا ں ،عزیز الله ابڑو، غفار بروہی، عرض محمد بھٹی، سومر مہر، محمد علی کلہوڑو اور دو معصوم بچیوں سمیت پانچ عورتیں بھی شامل ہیں شدید زخمی ہوگئے ۔ نوشہرو فیروز۔ اللہ والا چوک پر ڈینٹر زاہد مری کی دکان میں اچانک گیس سلنڈر دھماکے سےپھٹ گيا جس کے نتیجے میں دو معصوم بچوں سمیت 5 افراد زخمی ہوگئے۔ زخمیوں 12 سالا زبیر مری، 10 سالہ نعمان میر، 6 سالا سجن مری، راہگير شہزادہ پنھور اور انور مری شامل ہيں جن کو سول اسپتال نوشہروفیروز منتقل کیا گيا ۔ڈگریکے نواحی گاؤں جانی خان جروار میں شادی نہ ہونے پر 30 سالہ علی حیدر ولدکمال خان جروار نے گھر والوں سے ناراض ہو کر زہریلی کیڑے مار زرعی دوا پی کر خودکشی کی کوشش کی۔ جیکب آباد۔ ٹاور روڈ پر واقع مقامی جنرل اسٹور پر ہفتہ کی صبح بجلی کے شارٹ سرکٹ سے آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پورے اسٹور کو لپیٹ میں لے لیا۔ شہدادپور۔ کے قریب گوٹھ صاحب خان بروہی میں آگ کی چنگاری اڑنے سے لیاقت بروہی کے گھرمیں آگ لگ گئی۔