شیعہ علماء کو نسل کی جانب سے القدس ریلیاں نکالی جائیں گی،علامہ ناظر

May 21, 2018

کراچی(اسٹاف رپورٹر)شیعہ علماء کو نسل پاکستان صوبہ سندھ کے صدر علامہ سید ناظر عباس تقوی نے اپنی رہائش گاہ پر ذمہ داران اور کارکنان کے اعزاز میں دعوت افطار کا اہتمام کیا جس میں کراچی ڈویژن کے صدر علامہ کامران عابدی ،جنرل سیکرٹری محمد یعقوب شہباز،برادرمسلم رضا،زوالفقار حیدر سمیت سینئر کارکنان نے بڑی تعداد میں شر کت کی اس موقع پر علامہ ناظر عباس تقوی نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہر سال کی طرح اس سال بھی کراچی والے رمضان کی سحری اور افطار کے الیکٹرک کی بے حسی اور لاپروائی کی وجہ سے اندھیرے میں کررہے ہیں کوئی شہریوں کاپُرسان حال نہیں کراچی کے مختلف علاقے اور مقامات جن میں لانڈھی ،کورنگی ،ملیر،شاہ فیصل ،گلشن اقبال،نارتھ کراچی شامل ہیں یہاںغیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے عوام کو ذہنی مریض بنادیا ہے لوڈ شیڈنگ ختم کرنے کے دعوے جھوٹ ثابت ہو ئے ۔ علامہ ناظر کا مزید کہنا تھاکہ ہر سال کی طرح اس سال بھی شیعہ علماء کو نسل کی جانب سے پورے سندھ میں قبلہ اول اور مظلوم فلسطینی عوام سے اظہار ہمددری کے لئے القدس ریلیاں نکالی جائیں گی شہر بھر میں سیمینارزاورلیکچر کا اہتمام کیا جائے گا جس کے لئے کراچی ڈویژن کی جانب سے کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں ۔