بڑےصنعتی اداروں کے شعبہ کی شرح نمو 6.7 فیصد تک بڑھنے کی توقع

May 22, 2018

اسلام آباد (اسٹاف رپورٹر) رواں مالی سال 18-2017 کے اختتام تک بڑے صنعتی اداروں(ایل ایس ایم)کے شعبہ کی شرح نمو 6.7 فیصد تک بڑھنے کی توقع ہے جبکہ جاری مالی سال کے لئے ایل ایس ایم کے شعبہ کی شرح ترقی کا ہدف 6.13 فیصد مقرر کیا گیا ہے۔ رواں مالی سال کے ابتدائی 9 مہینوں میں جولائی تا مارچ 18-2017کے دوران شعبہ کے شرح نمو 5.89 فیصد رہی ہے۔ ادارہ برائے شماریات پاکستان کے اعدادو شمار کے مطابق جاری مالی سال دھاگہ تیار کرنے والی صنعت نے 0.06 فیصد کی شرح سے ترقی کی ہے اور ایل ایس ایم کے شعبہ میں اس کا حصہ 13 فیصد تک بڑھا ہے اسی طرح کپڑا تیار کرنے والی صنعت کی ترقی 0.05 فیصد اور شعبہ میں اس کا حصہ 7 فیصد رہا ہے۔ پی بی ایس کے مطابق رواں مالی سال کے دوران توانائی کی صورتحال میں بہتری اور تجارتی و کاروباری سرگرمیوں کے فروغ سے ایل ایس ایم کے شعبہ کی شرح نمو 5.89 فیصد تک بڑھی ہے۔