مثبت سرگرمیاںفروغ دینے کے لئے اپنا کردار ادا کررہے ہیں، اسحاق شاہ

May 22, 2018

لیژر لیگز فٹ بال کے چیف ایگزیکٹو اسحاق شاہ نے کہا ہے کہ نوجوانوں کو مثبت سرگرمیاں فراہم کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کررہے ہیں، اس کا سہرا محمود ٹرنک والا فیملی کو جاتا ہے جو پاکستان میں فٹ بال کے فروغ اور کھیلوں کے ذریعے فروغ امن کے لئے کوشاں ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ لیژر لیگز فٹ بال کا پاکستان بھر میں انعقاد جاری ہے جس میں نوعمر کھلاڑیوں کی بڑی تعداد بھرپور دلچسپی لے رہی ہے۔ ان کھلاڑیوں کو تمام سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔ لیژر لیگس کے زیراہتمام کراچی میں عالمی شہرت یافتہ فٹ بال اسٹارز کو پاکستان بلاکر ایک تاریخ ساز کارنامہ انجام دے چکے ہیں۔

اس ایونٹ کے ذریعے دنیا کو یہ پیغام دیا کہ پاکستان کھیلوں کے لحاظ سے محفوظ ترین ملک ہے اور ان کھلاڑیوں نے بھی پاکستان میں اور اپنے اپنے ملک جاکر مثبت پیغامات دیئے جس سے دنیا میں پاکستان کا وقار بلند ہوا۔

انہوںنے کہا کہ حال ہی میں لیژر ڈپلومیٹک لیگ کا بھی کامیاب انعقاد ہوا جو ملک میں فٹ بال کے کھیل کی ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کرے گا۔

اسحاق شاہ کا کہنا تھاکہ سفارت خانوں کی ٹیموں پر مشتمل ایونٹ کا تجربہ انتہائی کامیاب رہا۔ شریک ٹیموں کے آفیشلز کی حوصلہ افزائی کے باعث اس طرح کے ایونٹ کو تواتر کے ساتھ آرگنائز کرنے پر سنجیدگی سے نہ صرف غور کررہے ہیں بلکہ کوشش ہوگی کہ مزید عالمی شہرت یافتہ کھلاڑیوں کو پاکستان بلا کر ایک اور میلہ سجائیں۔

مقررین نے لیژر لیگس کو شاندار ایونٹ کے انعقاد پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے اس طرح کے ایونٹ کو تسلسل کے ساتھ جاری رکھنے پر زور دیا۔