وحدت کالونی میں جلد ٹرانسفارمر نصب کیا جائے، ایکشن کمیٹی

May 23, 2018

حیدرآباد ( بیورو رپورٹ) نیو وحدت کالونی ایکشن کمیٹی کے چیئرمین شاہد سومرو نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ نیو وحدت کالونی حیدرآباد کے سرکاری کوارٹروں میں ٹرانسفارمر دھماکے سے پھٹنے کے بعد پانچ روز سے بجلی نہیں ہے جس کی وجہ سے شدید گرمی میں پینے کے پانی کا بحران اور ڈرینج گندے پانی کی مشینیں بند ہونے سے علاقہ گندے پانی کا تالاب بن چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حیسکو قاسم آباد کو ٹرانسفارمر تبدیل کرنے کے لئے اہل علاقہ کی جانب سے مبینہ طور پر گھر گھر رقم چندہ کرکے دی گئی لیکن ابھی تک ٹرانسفارمر کو تبدیل نہیں کیا جاسکا جبکہ علاقے سے پہلے ہی حیسکو قاسم آباد ون کے عملے نے کچھ دن پہلے ریکوری کی کمی کا جواز بناکر دو ٹرانسفارمر اتار لئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ قاسم آباد نمبر ون ریکوری پوزیشن میں ہے لیکن پورے قاسم آباد کے اندر سزا کے طور پر انتظامیہ بجلی فالٹ دور کرنے میں ہفتے لگا دیتی ہے۔ حیسکو چیف سے مطالبہ کیا کہ نیو وحدت کالونی میں جلد سے جلد ٹرانسفارمر نصب کیا جائے۔