کراچی، پارہ 43، گرمی کا احساس 45 ڈگری، آج بھی شدت برقرار رہے گی

May 23, 2018

کراچی (نیوز ڈیسک؍ اسٹاف رپورٹر) کراچی میں منگل کو بھی گرمی لوگوں کو ہلکان کرتی رہی،آگ برساتے سورج نے شہریوں کا گھر سے باہر نکلنا مشکل کردیا اور شہر کا پارہ 43 ڈگری کو چھو گیا جبکہ گرمی کا احساس 45 ڈگری تک جاپہنچا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں جاری ہیٹ ویو کی لہر جمعرات تک برقرار رہ سکتی ہے اور جمعہ (25 مئی) سے درجہ حرارت میں کمی متوقع ہے۔ دوسری جانب کے الیکٹرک کے تمام پیداواری یونٹس کے کام کرنے کے باوجود کراچی میں لوڈشیڈنگ ختم نہ ہوسکی، شدید گرمی میں لوگ بجلی کے باربار اور طویل تعطل سےروزے دار پریشان رہے، کے الیکٹرک کی جانب سے کوئی نیا بہانہ سامنے آیا اور نہ لوڈشیڈنگ ختم کی گئی، منگل کو ریڑھی گوٹھ، بھینس کالونی، قائد آباد، گلستان جوہر، ملت ٹاؤن، لانڈھی کے مختلف سیکٹر، ملیر کے تقریباً تمام علاقے گڈاپ کے گوٹھوں، سپرہائی وے کے اطراف کی آبادیاں ، گلستان جوہر، گلشن اقبال، صفورا چورنگی، فیڈرل بی ایریا، پاک کالونی، اورنگی ٹاؤن، منگھوپیر، لیاری، صدر سمیت دیگر علاقوں سے بجلی کے بار بار تعطل کی شکایات ملیں جس سے شہری پریشان رہے۔ کے الیکٹرک اب بھی لائن لاسز والے علاقوں میں 9 سے 10 گھنٹے تک لوڈشیڈنگ کررہی ہے بجلی بند ہونے کے کوئی اوقات مقرر نہ ہونے سے لوگوں کو زیادہ پریشانیوں کا سامنا ہے۔ سحری، افطاری اور تراویح کے اوقات میں بھی لوڈشیڈنگ کی جانے لگی ہے، مستثنیٰ علاقوں میں کے الیکٹرک کادعویٰ ہے کہ صرف ایک گھنٹے لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے جبکہ صارفین کا کہنا ہے کہ تین سے چار بار ایک گھنٹے کے لیے بجلی بند کی جاتی ہے آخر وہ کون سا دن ہوگا جب کراچی کے صارفین کو لوڈشیڈنگ سے نجات ملے گی۔