روہڑی،مال بردار ٹرین کی 8بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں

May 23, 2018

سکھر (بیورو رپورٹ) روہڑی ریلوے اسٹیشن کے نزدیک پیر مراد شاہ پھاٹک پر روہڑی سے رحیم یار خان جانے والی مال گاڑی کی 8بوگیاں ٹریک سے اتر گئیں جس کے باعث کراچی اور لاہور کے درمیان ٹریک معطل ہوگیا،حادثے کی وجوہات کا تعین نہ ہو سکا ، متاثرہ ٹرین کا حادثہ لوپ لائن جوکہ خاص طور پر مال گاڑیوں کے لئے استعمال کی جاتی ہے اس پر پیش آیا جس کے باعث معمول کے ٹریفک کے نظام میں کسی قسم کا کوئی خلل نہیں پڑا ، صرف مال گاڑیوں کی آمد و رفت متاثرہوئی۔متاثرہ گڈز ٹرین روہڑی سے ریلوے ٹریک میں استعمال ہونے والے سلیپر بھر کر رحیم یار خان جا رہی تھی کہ پیر مراد شاہ پھاٹک پر اس کی 8بوگیاں اچانک ٹریک سے اتر گئیں ، اطلاع ملتے ہی ریلوے کی امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچیں اور کارروائیاں شروع کیں۔ اور پانچ گھنٹے امدادی کارروائیوں کے بعد متاثرہ ٹرین کی بوگیوں کو ٹریک پر چڑھا کر ان کی منزل پر روانہ کردیا گیا۔ ریلوے پولیس کے مطابق حادثے کے حوالے سے ابھی کچھ کہنا قبل از وقت ہے، ریلوے انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے مشترکہ طور پر ٹیم تشکیل دی جائے گی جو حادثے کی وجوہات کا تعین کرے گی کہ کس وجہ سے مال گاڑی کی بوگیاں ٹریک سے اتری ہیں۔ واضح رہے کہ سکھر میں ریلوے کی بڑی سلیپر فیکٹری موجود ہے جہاں ریلوے ٹریک میں استعمال ہونے والے سلیپر تیار کئے جاتے ہیں جو ملک کے مختلف شہروں میں مال بردار ٹرینوں کے ذریعے بھجوائے جاتے ہیں۔