اسپیشل سحری اور افطاری

May 23, 2018

ماہ رمضان کی برکتیں ہر سو برس رہی ہیں ۔ بوقت سحروافطار، ہر کچن سے اُٹھنے والی طرح طرح کی نعمتوں کی خوشبوہمیں رب کائنات کی کرم نوازیوں پر شکربجالانے کاپیغام دیتی ہے اورہمارے تقویٰ اور صبر کو مزید بڑھاتی ہیں۔نعمتوں کی فراوانی کے اس با برکت مہینے میں خاتون خانہ کی خواہش ہوتی ہے کہ اہل خانہ کے لیےمزے مزے کے پکوان تیار کیے جائیں،آج ہم نے سحر و افطار کے لیے کچھ تراکیب شامل کی ہیں تاکہ آپ کے دسترخوان کو نت نئ ڈشز سے آراستہ کیا جائے:

شملہ مرچ قیمہ :

اجزاء:

قیمہ آدھا کلو (مشین کا)،شملہ مرچ دو عدد، پیاز دو سے تین عدد،ادرک لہسن کا پیسٹ ایک کھانے کا چمچ،ٹماٹر تین سے چار عدد،نمک حسب ذائقہ،سرخ مرچ پسی ہوئی ایک کھانے کا چمچ،تیل چھ کھانے کے چمچ

ترکیب:

قیمہ دھوکر چھلنی میں رکھ دیں، پیاز اور ٹماٹر باریک کاٹ لیں ۔شملہ مرچ کا درمیانی سفید حصہ الگ کرکے چوکور کاٹ لیں۔ ایک پتیلی میں تیل ڈال کر پیاز کو ہلکا گولڈن فرائی کریں۔اب ادرک لہسن کا پیسٹ ڈال دیں اور ٹماٹر، سرخ مرچ اورنمک ڈال کر اتنا بھونیں کہ ٹماٹر خوب گل جائیں پھر قیمہ شامل کرلیں اور پانی شامل کیے بغیرہلکی آنچ پر ڈھک کر رکھ دیں۔ جب پانی خشک ہوجائے تو شملہ مرچ ڈالیں

اور دو کھانے کے چمچ پانی کے ڈال کر ڈھک کر بہت کم آنچ پر دم پر رکھ دیں۔آخرمیں ہرا دھنیا اورہری مرچ شامل کرسکتی ہیں۔ پوری اور پراٹھوں کے ساتھ سحری میں پیش کریں۔

قیمہ دو پیازہ:

قیمہ آدھا کلو ،پیاز آدھا کلو یا چھ سے آٹھ عدد،ثابت سرخ مرچ چھ سے آٹھ عدد،نمک حسب ذائقہ،ٹماٹر چھ عدد،لہسن ثابت پندرہ سے بیس عدد،ثابت گرم مسالہ ایک چائے کا چمچ،

تیل ، ہرا دھنیا اور ہری مرچ حسب ضرورت

ترکیب :

پیاز کو چھیل کر لچھے دار کاٹ لیں ،لہسن چھیل کر موٹا کاٹ لیں، ٹماٹر کو بھی کاٹ لیں اور قیمہ دھوکر چھلنی میں رکھ لیں ۔ایک پتیلی میں تیل ڈالیں اور پیازکو بہت کم فرائی کرلیں یعنی کہ رنگت گلابی سی رہے گولڈن نہ ہو۔

اب چولھے سے پتیلی ہٹاکر آدھی پیاز نکال لیں اور ثابت گرم مسالہ ڈال دیں،تھوڑی دیربھونیں اور قیمہ، ٹماٹر ،ثابت سرخ مرچ، نمک اور لہسن ڈال کر ڈھک کر رکھ دیں ۔آنچ بہت کم ہونی چاہیے۔

جب قیمے کا پانی خشک ہوجائے تو خوب بھون لیں تاکہ اس کا رنگ سنہری ہوجائے ۔اب بقیہ تلی ہوئی پیاز، ہرا دھنیا اورہری مرچ کاٹ کر ڈالیں اور پانچ منٹ دم پر رکھ دیں ۔سوندھا اورلذیز دوپیازہ قیمہ تیار ہے۔

لاہوری سموسہ چاٹ

اجزاء:

سموسے چار عدد،ٹماٹر ایک عدد (باریک کاٹ لیں)،پیاز ایک عدد ،بند گوبھی ایک چوتھائی عدد،ہری مرچ دو سے تین عدد ،دہی ایک کپ،پودینہ آدھی گٹھی ،ہرا دھنیا ایک چوتھائی گٹھی،میٹھی چٹنی چار کھانے کے چمچ،تیل فرائی کرنے کے لیے،نمک حسبِ ذائقہ

ترکیب:

پودینہ، ہرا دھنیا، ہری مرچ اور نمک کو گرائنڈ کرکے دہی میں مکس کردیں۔پھر سموسے گرم تیل میں فرائی کرلیں۔اب سموسے ڈِش میں رکھ کر میٹھی چٹنی ڈالیں۔آخر میں سموسوں پر دہی پھیلا دیں۔ٹماٹر، پیاز اور بند گوبھی سے گارنش کرکے سرو کریں۔

لاہوری چنا چاٹ

اجزاء:

کابلی چنے – دو سو پچاس گرام (اُبلے ہوئے)،آلوایک کپ کیوبز ( –ابلے ہوئے)،ہری مرچ – چار عدد باریک کٹی ہوئی،پیاز آدھا کپ باریک کٹی ہوئی،لیموں کا رس – دو کھانے کے چمچ،چینی – ایک کھانے کا چمچ،زیرہ – ایک کھانے کا چمچ بھنا اور کُٹا ہوا،سرخ مرچ – ایک چائے کا چمچ پسی ہوئی،کُٹی ہوئی سرخ مرچ – ایک چائے کا چمچ،چاٹ مسالہ – ایک چائے کا چمچ،نمک – ایک چائے کا چمچ،ٹماٹر – ایک عدد باریک کٹا ہوا،ہرا دھنیا – دو کھانے کے چمچ،املی کی چٹنی – آدھا کپ تیار کی ہوئی،پاپڑی – ایک کپ کچلی ہوئی

ترکیب

ایک پیالے میں کابلی چنے، آلو ، ہری مرچ، پیاز، لیموں کا رس، چینی، زیرہ، پسی لال مرچ، کٹی لال مرچ، چاٹ مسالہ، نمک، ٹماٹر اور ہرا دھنیا ڈال کر مکس کریں۔

اب اس پر ہرا دھنیا، املی کی چٹنی اور پاپڑی ڈال کر سرو کریں

دہی بھلے

اجزاء:

دہی بھلے کے لئے:ماش کی دال ایک کپ ،نمک ایک چوتھائی چائے کا چمچ،بیکنگ سوڈا ایک چٹکی، تیل تلنے کے لئے ،دہی دو کپ ،ہرا دھنیا دو کھانے کے چمچ ،بھنا زیرہ ایک چائے کا چمچ،ادرک آدھا انچ کا ٹکڑا،نمک حسبِ ذائقہ ،سرخ مرچ دو چائے کے چمچ ،شکردو چائے کے چمچ

سجاوٹ کے لئے:اِملی کی چٹنی دو کھانے کے چمچ ،ہرا دھنیا دو کھانے کے چمچ

ترکیب:

دال کو دھو کر رات بھر کے لئے بھگو دیں۔ دال کو چھان کر پیس لیں اور اس میں نمک اور بیکنگ سوڈا شامل کر دیں۔کڑاہی میں تیل کو تیز گرم کریں اور بھلوں کو سنہرا ہونے تک تَلیں۔جب تمام بھلے تَل لیں تو نیم گرم پانی میں پانچ سے دس منٹ کے لئے بھگو دیں۔پھر ہلکے ہاتھ سے پانی نچوڑ کر ڈِش میں رکھ لیں۔ایک پیالے میں دہی کو اچھی طرح پھینٹ لیںاور اس میں نمک، سرخ مرچ،شکر، باریک کٹا ادرک، بھنا زیرہ پاؤڈر اور ہرا دھنیا بھی مکسشامل کرلیں۔ڈش میں رکھے بھلوں پر مسالے والا دہی اتنا ڈالیں کہ بھلے چھپ جائیں۔دہی بھلوں کو اِملی کی چٹنی اور ہرا دھنیے سے سجا کر پیش کریں۔