اسرائیل دریائے نیل سے مدینہ طیبہ تک قبضہ کرنا چاہتا ہے،عبدالوحید قریشی

May 24, 2018

حیدرآباد ( بیورو رپورٹ) جماعت اسلامی سندھ کے ڈپٹی جنرل سیکریٹری وسابق ایم پی اے عبدالوحید قریشی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اسرائیل دریائے نیل سے مدینہ طیبہ تک قبضہ کرنا چاہتا ہے۔ بیت المقدس، مدینہ طیبہ اورمکہ معظمہ اسرائیل کاخاص ہدف ہیں۔ امریکا اور اقوام متحدہ بھی اس کے ساتھ ہیں۔ اسرائیل کے عزائم ناکام بنانے کے لیے فرد سے ریاست اور عالم اسلام تک سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسجد قبا ہیرآباد میں نمازیوں کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل دنیا کے لیے ایک ناسور ہے جسے برطانیہ نے جنم دیا۔ اب امریکا اس کی سرپرستی کررہا ہے اور اقوام متحدہ اس کی حمایت میں پرجوش اور مخالفت میں خاموش تماشائی بنی رہتی ہے۔ عرب ممالک اور عالم اسلام فلسطینیوں پر ظلم وستم کے خلاف چپ سادھے ہوئے ہیں۔ آج فلسطین پر صہیونیوں کاقبضہ ہے۔ بیت المقدس میں امریکا نے تل ابیب سے اپناسفارت خانہ منتقل کرکے ثابت کردیاہے کہ وہ مسلمانوں کے خلاف اوراسرائیل کے ساتھ کھڑاہے لیکن عالم اسلام کے بے حس حکمران امریکا اوراسرائیل کے سامنے بچھے چلے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اہل فلسطین کمزور ضرور ہیں مگرجذبہ جہاد ایسا ہے کہ وہاں بچے، معذور اورخواتین بھی اسرائیل کے خلاف سینہ سپر ہیں۔