پاکستان دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہوں کیخلاف کارروائی کرے، مائک پومپیو

May 25, 2018

واشنگٹن(واجد علی سید)امریکا کے سیکریٹری اسٹیٹ مائک پومپیو کا کہنا ہے کہ پاکستان دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہوں اور دہشتگردی پر اْکسانے والوں کیخلا ف کارروائی کرے۔امریکا کے محکمہ خارجہ امور کمیٹی کے ارکان کے سامنے ان کا کہنا تھا کہ جنوبی ایشیاء کے نئے لائحہ عمل کے تحت ہم نے پاکستان پر واضح کردیا ہے کہ افغا نستا ن میں امن، مصالحت اور سلامتی کا انحصار اس امر پر ہے کہ پاکستان دہشت گردوں کے محفوظ ٹھکانے کے خاتمے اور اپنے ملک میں دہشت گردی میں ملوث افراد کے خلاف اپنا کردار ادا کرے ۔یہ پہلا موقع تھا کہ امریکا کے ایک اعلیٰ ڈپلومیٹ مائک پومپیو نے عہدہ سنبھالنے کے بعد پاک۔ امریکا تعلقات پر بات کی ہے۔ٹرمپ انتظامیہ بشمول صدر ٹرمپ جنوبی ایشیا پالیسی کے اعلان کے بعد سے پاکستان پر تنقید کرتے رہے ہیں۔مائک پومپیو کمیٹی کے سامنے بجٹ مسائل اور دیگر اقوام کے ساتھ تعلقات سے متعلق بریفنگ دے رہے تھے ، جب کہ پاکستان اور افغانستان پر کافی عرصے سے بحث نہیں کی گئی تھی کیوں کہ ان کی توجہ دیگر اہداف سے متعلق انتظامی امور پر مبذول تھی، جو کہ شمالی کوریا ، چین ، روس اور ایران سے متعلق تھی۔انہیں یقین تھا کہ امریکا۔شمالی کوریا کانفرنس اب بھی 12جون کے شیڈول پر ہے۔حالاں کہ صدر ٹرمپ نے مذکورہ تاریخ پر شکوک و شبہات ظاہر کیے ہیں۔ایرا ن سے متعلق پومپیو کا کہنا تھا کہ امریکی انتظامیہ ان پر سخت معاشی دبائو ڈالے گی ،جو پینٹا گون سے اشتراک کے ساتھ ہوگا اور ایرا ن کی عوام کی حمایت جاری رکھے گی جو قیادت کی تبدیلی دیکھنا چاہتے ہیں۔