کاغذات نامزدگی 21482، جانچ پڑتال شروع، 100 امیدوار ڈیفالٹر

June 13, 2018

اسلام آباد (ایجنسیاں )عام انتخابات کیلئے قومی اور صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر انتخاب لڑنے کے لئے ملک بھر سے مجموعی طور پر 21482امیدواروںنے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں ،قومی اسمبلی کی 342 نشستوں کیلئے 6 ہزار 63 جبکہ چاروں صوبائی اسمبلیوں کیلئے 15 ہزار 419 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں جن کی جانچ پڑتال شروع کردی گئی ہےجبکہ کاغذات نامزدگی جمع کرانے والے100 سے زائد امیدواروں کو ڈیفالٹر قراردیا گیا ہے ‘ان نادہندگان میں سابق وزیراعظم میرظفراللہ جمالی ‘منظور وٹو،افضل کھوکھر ‘حنا ربانی کھر‘فیصل واوڈا‘ اسد اللہ بھٹوودیگرشامل ہیں ‘فہرستیں الیکشن کمیشن کو بھجوا دی گئیں‘،ڈیفالٹر امیدواروں کی نااہلی کے امکانات ہیں۔ ذرائع کے مطابق اسٹیٹ بنک نے عام انتخابات 2018 کے لئے کاغذات نامزدگی جمع کرانے والے100 سے زائد امیدواروں کو ڈیفالٹر قرار دیدیا،پیپلزپارٹی کی حنا ربانی کھر اور پی ٹی آئی کے فیصل واڈا بھی ڈیفالٹر قرارپانے والوں میں شامل ہیں ،این اے 182 سے حنائربانی کھر بنک ڈیفالٹر ہیں، ذرائع کے مطابق حناء ربانی کھر کے شوہر 517 ملین روپے کے بنک ڈیفالٹر ہیں،جبکہ این اے 249 سے پی ٹی آئی کے فیصل واڈا 37 ملین روپے کے ڈیفالٹر نکلے،این اے 85 سے ہارون احسان،این اے 95 سے اسد حسن خان،امانت اللہ خان ڈیفالٹر قرار پائے گئے ،این اے 31 سے ہارون بلور،این اے 242 سے اسد اللہ بھٹو ڈیفالٹر قراردیئے گئے ،مخصوص نشست پر مس الماس خاکوانی 319 ملین روپے کی ڈیفالٹر نکلیں ،اسٹیٹ بنک نے ڈیفالٹر امیدو ارو ں کی فہرستیں الیکشن کمیشن کو بھجوا دیںجبکہ الیکشن کمیشن نے ڈیفالٹر امیدواروں کی تفصیلات متعلقہ ریٹرننگ افسران کو بھجوا دی۔ادھر پی ٹی سی ایل نے الیکشن کمیشن کی جانب سے امیدواروں کی بھیجی گئی فہرست کی جانچ پڑتال کے بعد اسکروٹنی رپورٹ واپس ای سی پی کو بھجوا دی۔رپورٹ کے مطابق کاغذات نامزدگی جمع کرنے والے ایک ہزار 514 امیدوار پی ٹی سی ایل کے ڈیفالٹر ہیں۔سابق وزیراعظم ظفر اللہ جمالی بھی پی ٹی سی ایل کے نادہندگان میں شامل ہیں جن پر ایک ہزار 155 روپے واجب الادا ہیں۔تحریک انصاف کے امیدوارمراد سعید بھی پی ٹی سی ایل کے نادہندہ ہیں جن پر 14 ہزار روپے واجب الادا ہیں۔نادہندگان کی فہرست میں فیصل کریم، سید ظفر علی شاہ، حنیف عباسی، علیم خان اور منظور وٹو کے علاوہ سمیعہ راحیل قاضی کے نام بھی شامل ہیں۔رپورٹ کے مطابق فیصل کریم 21 ہزار، منظور وٹو 6 ہزار، سید ظفر علی شاہ 18 ہزار، رانا مشہود 4 ہزار روپے کے نا دہندہ ہیں۔پی پی پی کے عبدالقادر گیلانی،مسلم لیگ(ن) کے بلال یاسین اور جماعت اسلامی کے حافظ سلمان بٹ کے علاوہ نرگس فیض ملک بھی پی ٹی سی ایل کے نا دہندہ ہیں۔