کاسٹ اینڈ مینجمنٹ اکاؤنٹنگ کی تعلیم

June 16, 2018

ایک اندازے کے مطابق، پاکستان کی نصف سے زائد معیشت دستاویزی نہیںہےجبکہ پاکستان ابھی تک ایک صنعتی ملک نہیں بن سکا۔ ہمار ا صنعتی شعبہ ابھی بھی ارتقاء کے مراحل طے کررہا ہے۔اس کا مطلب یہ ہوا کہ پاکستان کے مالیاتی، خدمات اور صنعتی شعبے میں ترقی اور روزگار کے شاندار مواقع موجود ہیں۔ جب ہم صنعتی شعبے کی بات کرتے ہیں، تو کاسٹ اینڈ مینجمنٹ اکاؤنٹنگ اس کا ایک اہم حصہ ہے۔ یہ وہ شعبہ ہوتا ہے، جو اخراجات اور آمدنی کو الگ کرکے یہ بتاتا ہے کہ کتنا منافع یا نقصان ہوا اور وہ کون سے ایسے ایریاز ہیں، جہاں اخراجات کم کرکے منافع بڑھایا جاسکتا ہے، وغیرہ وغیرہ۔

کاسٹ اینڈ مینجمنٹ اکاؤنٹنٹ کا کام بالعموم ان قومی اور نجی اداروں میں ہوتا ہے، جن کا تعلق کسی صنعتی یا کسی حد تک مالیاتی شعبہ سے ہو۔ ان کے فرائض میں ادارے کی انتظامیہ کا کنٹرول، آئندہ کی منصوبہ بندی، بجٹ کی تیاری، پیداواری اشیاء، مصنوعات یا خدمات کی قیمتوں کی پالیسی سازی اور کمپنی کی کارکردگی و کار گزاری کا جائزہ شامل ہے۔ یہ حضرات نقد رقوم کی آمد پر نظر رکھتے ہیں، نفع و نقصان کے گوشوارے تیار کرتے ہیں، حسابات کا انٹرنل آڈٹ کرتے ہیں اور کمپنی کے حصے داروں کے مالیات کے حسابات تیار کرتے ہیں۔ کاسٹ اینڈ مینجمنٹ اکاؤنٹنٹ مالیاتی پیش گوئیاں، بجٹ کے جائزے اور مالیاتی اطلاعات اور مشورے فراہم کرتے ہوئے انتظامی فیصلوں میں بھی حصہ لیتے ہیں۔

کمپنیز آرڈیننس 1984ءکی روشنی میںکاسٹ اینڈ مینجمنٹ اکاؤنٹنگ کے کام اور شعبہ کا دائرہ اور بھی وسیع ہوگیا ہے۔ اس شعبے کی مسلسل وسعت پذیری اور یہاں ملنے والے مالی استحکام کو دیکھ کر اب بہت سے افراد اس شعبہ کا رخ کر رہے ہیں۔ جو نوجوان طلبہ اور طالبات تعلیم کے بعد اچھی ملازمت اور شان دار کیریئر کی ضمانت چاہتے ہیں، انھیں اس پیشے میں داخل ہونے کے بعد تعلیمی مراحل کو کامیابی سے عبور کرنے کے لیے ان تھک محنت کے ساتھ اپنی ذہنی صلاحیتوں کا بھرپور استعمال کرنا ہوتا ہے۔

کاسٹ اینڈ مینجمنٹ اکاؤنٹنگ کی ضروریات پوری کرنے اور اس شعبے میں تربیت یافتہ افرادی قوت فراہم کرنے کے لیے انسٹی ٹیوٹ آف کاسٹ اینڈ مینجمنٹ اکاؤنٹنٹس، پاکستان (آئی سی ایم اے پی) موجود ہے۔ اپنے میدان میں یہ پاکستان کا واحد اور وسیع ادارہ ہے۔ اس کے مراکز کراچی، لاہور، اسلام آباد، پشاور، کوئٹہ، ایبٹ آباد فیصل آباد، حیدر آباد، ملتان اور الخبر (سعودی عرب) میں قائم ہیں۔ ان مراکز پر براہ راست تدریس کے علاوہ خط و کتابت کے ذریعے بھی کاسٹ اینڈ مینجمنٹ اکاؤنٹنگ کی تعلیم دی جاتی ہے۔

داخلے کے لیے اہلیت

انسٹی ٹیوٹ میں داخلے کے لیے کم از کم گریجویٹ (بی اے، بی ایس سی، بی کام )یا مساوی درجے کی کوئی تعلیم یا اے لیول تک تعلیمی قابلیت ہونا شرط ہے۔ داخلے کی درخواست دینے والے افراد صرف اہلیت کی بنیاد پر منتخب کیے جاتے ہیں اور اہلیت کا تعین داخلہ امتحان کے ذریعے کیا جاتا ہے۔ یہ امتحان انگریزی، حساب، معلوماتِ عامہ اور ذہانت کے سوالات پر مشتمل ہوتا ہے۔ اس امتحان میں مطلوبہ نمبروں سے کامیاب ہونے والے تمام طالب علموں کو انسٹی ٹیوٹ میں داخلہ دے دیا جاتا ہے۔ اس سلسلے میں طلباء کی تعداد کی کوئی حد مقرر نہیں کی گئی اور نا ہی طلبہ و طالبات کے درمیان کوئی امتیاز برتا جاتا ہے۔ یہ امتحان ہر چھ ماہ بعد منعقد کیا جاتا ہے۔

نصاب اور تدریس

کاسٹ اینڈ مینجمنٹ اکاؤنٹنگ کا نصاب ڈھائی سے تین سال پر محیط ہوتاہے، البتہ نصاب کی بروقت یا بعد از وقت تکمیل کا انحصار طالب علموں کی ذاتی صلاحیتوں اور دلچسپی پر ہوتا ہے۔ یہاں یہ سہولت بھی رکھی گئی ہے کہ طالب علم اپنا نصاب اضافی وقت میں بھی مکمل کرسکتے ہیں۔ لہٰذا عام طور پر ملازمت کرنے والے وہ افراد جو مزید تعلیم کے خواہش مند ہیں، جستہ جستہ اپنی تعلیمی قابلیت میں اضافہ کرتے ہیں اور کل وقتی ملازمت بھی جاری رکھتے ہیں۔

کاسٹ اینڈ مینجمنٹ اکاؤنٹنگ کی تعلیم کے لیے سیمسٹر سسٹم رائج ہے، چھ ماہ پر محیط سال میںدو سیمسٹر ہوتے ہیں۔ سیمسٹر کے دوران ہفتہ وار اور ماہانہ ٹیسٹ کےعلاوہ اسائنمنٹس کے ذریعے طالب علموں کی صلاحیتیں آزمائی جاتی ہیں۔ چھ سیمسٹرز میں کامیابی حاصل کرنے کے بعد، کامیاب طلباء کو ”کاسٹ اینڈ مینجمنٹ اکاؤنٹنٹ“ کی سند جاری کی جاتی ہے۔

نصاب میں ”فاؤنڈیشن کورس“ کے علاوہ کاسٹ اینڈ مینجمنٹ کا احاطہ کرنے والے یہ مضامین شامل ہوتے ہیں۔ معاشیات، صنعتی و تجارتی قوانین، بزنس کمیونی کیشن ، رپورٹ رائٹنگ ، بزنس، میتھ میٹکس ، شماریات، پروڈکشن مینجمنٹ، ٹیکسیشن، ایم آئی ایس، ڈیٹاپروسیسنگ، معیاریاتی فنیات، کارپوریٹ لاء اینڈ سیکریٹریل پریکٹس، آڈیٹنگ ، فنانشل مینجمنٹ، مینجمنٹ کاسٹ اکاؤنٹنگ، مینجمنٹ اکاؤنٹنگ اور ایڈوانسڈ اکاؤنٹنگ وغیرہ۔ کمپیوٹر کی تعلیم بھی عصرِ حاضر کے تقاضوں کے مطابق نصاب میں شامل ہے۔

دورانِ تعلیم تبادلہ

اگر آپ آئی سی اے کے طالب علم ہیں اور دورانِ تعلیم آپ نے رہائش کا مقام تبدیل کیا ہے تو انسٹی ٹیوٹ آپ کو یہ سہولت بھی فراہم کرتا ہے کہ آپ بقیہ کورس اپنی رہائش کے قریب ترین مرکز سے مکمل کرلیں۔ اگر آپ تعلیم کے دوران سعودی عرب میں تھے اور اسی دوران پاکستان منتقل ہوگئے، تب بھی اس سہولت سے مستفید ہوسکتے ہیں۔

ملازمت کے مواقع

کاسٹ اینڈ مینجمنٹ اکاؤنٹنگ ایک ایسا شعبہ ہے جو ہر ادارے کی لازمی ضرورت بنتا جا رہا ہے۔ خواہ وہ تجارتی ادارہ ہو یا عوامی خدمت کی کوئی تنظیم، کاسٹ اینڈ مینجمنٹ اکاؤنٹنٹس کے لیے ہر جگہ پنپنے کے روشن مواقع موجود ہیں۔