شوال کا چاند دیکھنے کیلئے رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس جاری

June 14, 2018

ملک میں شوال کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس جاری ہے۔ اجلاس کی صدارت مفتی منیب الرحمٰن کررہے ہیں۔اجلاس میںمرکزی اور زونل رویت ہلال کمیٹی کے اراکین سمیت محکمہ موسمیات کے نمائندے بھی شریک ہیں۔

اجلاس کا مقصد 1439 ہجری کے شوال کے چاند کی رویت اور شوال کے چاند سے متعلق ملک بھر سے شہادتیں جمع کرنا ہے جس کے بعد چاند کی رویت سے متعلق اعلان چیئرمین مفتی منیب الرحمان کریں گے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق شوال کے چاند کی پیدائش رات 12 بجے کے قریب ہوگئی ہے اور اس وقت چاند کی عمر 19 گھنٹے سے زائد ہے ۔

محکمہ موسمیات کے مطابق مطلع کبھی صاف اور کبھی جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے لہذا چاند نظر آنے کے امکانات نہیں ہیں ۔

ادھرماہر فلکیات پروفیسر جاوید اقبال کا کہنا ہے کہ مغرب کے وقت چاند کی عمر اتنی کم ہوگی کہ عام آنکھ سے دکھائی دینا مشکل ہوگا، البتہ سندھ اور بلوچستان کے ساحلی علاقوں میں چاند دور بین سے دکھائی دےسکتا ہے ۔

دوسری جانب سعودی عرب میں بھی شوال کا چاند دیکھنے کے لیے اجلاس آج ہوگا۔

سعودی عرب اور خلیجی ممالک میں عید جمعے کو ہونے کا امکان ہے۔