ہیلتھ سروسز کیلئے این ایچ ایس کو اگلی دہائی میں مزید 80 ہسپتال بنانا پڑیں گے، واچ ڈاگ چیف

June 19, 2018

لندن(جنگ نیوز) این ایچ ایس امپروومنٹ کے سربراہ نے کہا کہ این ایچ ایس کو اگلی دہائی میں ہیلتھ سروسز کی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے مزید 80ہسپتال بنانے کی ضرورت ہوگی۔ واچ ڈاگ این ایچ ایس امپروومنٹ کے سربراہ ایان ڈالٹن نے کہا کہ این ایچ ایس کی بقا کیلئے سروسز کو پورا کرنے کے سلسلے میں این ایچ ایس میں بنیادی اور انقلابی اصلاحات کی ضرورت ہے۔ مریضوں کو اچھی کیئر کیلئے مزید ہسپتال قائم کرنے کی ضرورت ہوگی تاکہ انہیں یہاں اچھی کیئر مل سکے۔ انہوں نے کہا کہ بعض صورتوں میں کچھ حالات میں ہسپتال میں مریضوں کا قیام طویل ہوتا ہے۔ اگر این ایچ ایس اس کا خواہاں ہے کہ وہ اگلی دہائی میں سب سے پسندیدہ ادارہ رہے تو ہمیں اس میں بنیادی اصلاحات اور تبدیلیاں لانے اور بہتری کی ضرورت ہو گی۔ مانچسٹر میں این ایچ ایس کنفیڈریشن کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ واضح ہے کہ این ایچ ایس اپنی تاریخ کے اہم اور نازک موڑ پر ہے۔ اگر اگلے دس برسوں میں ہم نے کچھ نہ کیا تو ایمرجنسی ایڈمیشنز میں اضافہ ہوگا۔ جس کیلئے ہمیں مزید ڈسٹرکٹ جنرل ہسپتال ہسپتال بنانے اور سٹاف بھرتی کرنے کی ضرورت ہوگی۔ ریگولیٹر چیف نے کہا کہ این ایچ ایس کے کیئر کے ماڈلز 70 سال پہلے اس کے قیام کے بعد سے وقت کے ساتھ تبدیل نہیں ہوئے۔ اور بہت سی سروسز کیلئے کمیونٹی کے بجائے ہسپتالوں پر توجہ مرکوز کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ این ایچ ایس میں تیدیلیاں لانا وقت کا تقاضہ ہے۔ اس سے لوگوں کی متوقع زندگی میں اضافہ کیا جا سکتا ہے۔ ہیلتھ حکام نے این ایچ ایس کیلئے نئے ٹارگٹس طے کیے ہیں جن کا مقصد ہسپتالوں میں طویل قیام کرنے والے مریضوں کی تعداد میں یک چوتھائی کمی لانا ہے۔ ڈالٹن نے کہا کہ اگر ہم یہ نہیں کریں گے تو پھر اگلے موسم سرما میں ہم مریضوں کے دبائو کا سامنا نہیں کر سکیں گے۔