برمنگھم میں پٹرول و ڈیزل گاڑیوں پر چارجز لگانے کا منصوبہ

June 19, 2018

برمنگھم (ابرار مغل) لندن میںداخلے کے لئے کنجیسشن چارجز (Congestion Charge) کے بعد برطانیہ کے دوسرے بڑے شہر برمنگھم کے سٹی سینٹر میں داخلے کے لیے کنجیسشن چارج لگائے جارہے ہیں۔ یہ چارجز ڈیزل اور پٹرول موٹر سواروں کے لیے ہوں گے۔ ان چارجز کا مقصد شہر کو فضائی آلودگی سے صاف رکھنا ہے۔ ایک رپورٹ کے مطابق برمنگھم سٹی کونسل سٹی سینٹر میں داخلے کے لیے روزانہ کی بنیاد پر10پونڈ وصول پر غور کررہی ہے۔ گزشتہ سال ستمبر میں وفاقی حکومت نے اس سکیم کو متعارف کرانے کی سمری بھیجی تھی، توقع ہے کہ یہ چارجز اگلے سال سے نافذالعمل ہوجائیں گے۔ یاد رہے کہ لندن میں روزانہ کی بُنیاد پر11پونڈ اور50 پنس 11.50پونڈ کنجیسشن چارج وصول کیے جارہے ہیں برمنگھم انتظامیہ کار سے10پونڈ اور بڑی گاڑیوں سے 100 پونڈ وصول کرنے پر غوروخوص کررہی ہے۔ تاہم ابھی تک حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے۔ برمنگھم میل کے مطابق اسی ہفتے میں برمنگھم سٹی کونسل پروپوزل تیار کررہی ہے 2020تک برمنگھم کو فضائی آلودگی سے پاک رکھنے اور صاف ہوا پر بے پناہ اخراجات کو پورا کرنے کیلئے یہ سکیم متعارف کرائی جارہی ہے۔