آئس لینڈ کی ٹیم میں ڈینٹسٹ، فلم ڈائریکٹر اور سیاستدان شامل

June 19, 2018

لندن ( جنگ نیوز ) 3 لاکھ 34 ہزار نفوس پر مشتمل آئس لینڈ نے میسی کی ٹیم ارجنٹینا کو فتح سے محروم رکھ کر دھوم مچادی۔ اس سے پہلے کبھی بھی فٹبال ورلڈ کپ میں نہیں پہنچ پایا تھا۔ میسی کی پینلٹی روکنے والے گو ل کیپر ہینز ہالدورشون آئس لینڈ کے نئے قومی ہیرو ہیں۔ وہ فٹ بالر ہی نہیں بلکہ فلم ڈائریکٹر ہیں۔ ان کی سابق کمپنی’’ ساگا فلم‘‘ ناروے میں قائم ہے۔ وہ فٹبال کیریئر ختم ہونے کے بعد ایک بار پھر فلم ڈائریکشن میں ہی جائیں گے۔ ٹیم منیجر ہیمیر ہالگریمسون اصل میں ڈینٹسٹ ہیں۔ تاہم دندان سازی ترک کرکے فٹبال کو کیریئر بنالیا۔ انہوں نے 1990 میں فٹبال میں قدم رکھا۔ وہ خواتین ٹیم مینجر رہے ، ساتھ ہی دانتوں کا علاج بھی کرتے رہے۔ گذرتے وقت کے ساتھ فٹبال ان کی ترجیح بنا۔ 2016 میں قومی ٹیم کا چارج سنبھال لیا ۔ ٹیم کے مڈ فیلڈر روریک گیسلاسون کا تعلق سیاست سے ہے۔ وہ دارالحکومت کے ایک حلقے سے ’’انڈیپینڈنٹ پارٹی‘‘ کے امیدوار تھے۔ رویک نے یورو کپ 2016 میں اچھی کارکردگی دکھائی تھی۔