ورلڈ فٹبال کلب آن ریکارڈ : رونالڈو، میسی سے آگے

June 19, 2018

کراچی (عبدالحفیظ نوری) عزیز بے ہچ کے انجری ٹائم میں ’’اون گول‘‘ کی وجہ سے فرانس آسٹریلیا کو 1-2سے ہرا سکا۔ یہ وڈیو اسسٹنٹ ریفری کے ذریعہ ورلڈکپ میں دیا جانے والا پہلا گول تھا۔ اس سے قبل آئس لینڈ کے خلاف میچ میں میسی نے ارجنٹائن کی طرف پنالٹی کک ضائع کی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان میچ 1-1 گول سے برابر رہا۔ 1990ء کے بعد ارجنٹائن ورلڈکپ میں اپنا پہلا میچ نہ جیت سکا۔ میسی نے اپنے کلب بارسلونا اور ملک ارجنٹائن کے لئے گزشتہ 7 میں سے 4 پنالٹی ککس صائع کیں۔ 15 جون 2018ء کو پرتگال اور اسپین کے درمیان سنسنی خیز میچ 3-3 گول سے برابر رہا۔ رونالڈو نے ٹورنامنٹ کی پہلی ہیٹ ٹرک کی۔ 33سالہ رونالڈو ورلڈکپ کے معمر ترین ہیٹ ٹرک اسکورر ہیں۔ یہ ان کے کیریئر کی51 ویں ہیٹ ٹرک ہے۔ تمام ورلڈ کپس میں بھی مجموعی طور پر 51 ہیٹ ٹرکس بنائی گئیں۔ اتوارکو میکسیکو نے جرمنی کو لوزانو کے فیصلہ کن گول کے ذریعہ ہرا کر تہلکہ مچا دیا۔ میکسیکو نے 1985 کے بعد جرمنی کو پہلی بار ہرایا۔ یہ تیسرا موقع ہے کہ ورلڈ کپ میں ٹائٹل ہولڈر ٹیم اپنا پہلا میچ جیتنے میں ناکام رہی۔ 2010 میں اٹلی نے پیراگوئے سے میچ 1-1 گول سے برابر کھیلا۔ 2014 میں اسپین کو ہالینڈ کے ہاتھوں 1-5 گول سے شکست ہوئی تھی۔ میکسیکو کے رافیل مارکیز نے 2002 سے 2018 تک مسلسل 5 ورلڈکپ کھیلے۔ میکسیکو ہی کے گول کیپر انٹونیو کاربجال اور جرمنی کے لوتھر میتھائوس کو بھی یہ اعزاز حاصل ہے۔ برازیل کے خلاف سوئٹزرلینڈ کا والون بہرامی چار ورلڈ کپ کھیلنے والا پہلا کھلاڑی ہے۔ دونوں کا میچ 1-1 گول سے برابر رہا۔