میڈیکل کالجز کا کراچی یونیورسٹی سے الحاق ختم کرنے کا نوٹیفکیشن سپریم کورٹ نے معطل کردیا

June 19, 2018

کراچی (اسٹاف رپورٹر)سپریم کورٹ کے چیف جسٹس آف پاکستان نے پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کی جانب سے میڈیکل کالجزکا کراچی یونیورسٹی سے الحاق ختم کرنے کا نوٹیفکیشن معطل کردیاہے ۔ چیف جسٹس نے اپنی آبزرویشن میں کہاہےکہ اسطرح سے الحاق ختم کرنے سے طلبہ کا مستقبل داؤ پر لگ جائے گا جبکہ پرائیویٹ کالجز میں زائد فیسوں کی وصولی سے متعلق ڈائریکٹر ایف آئی اے ڈاکٹر عثمان کی رپورٹ کو وصول کرتے ہوئے ریکارڈ کا حصہ بنالیاہے ۔تفصیلات کے مطابق پرائیویٹ میڈیکل کالجز میں داخلوں سے متعلق کیس کی گزشتہ سماعت میں ایڈووکیٹ جنرل سندھ،سیکریٹری صحت فضل اللہ پیچوہو ،ڈائریکٹر ایف آئی اے ڈاکٹرعثمان،رجسٹرار پی ایم ڈی سی وسیم ہاشمی سمیت دس سے زائد میڈیکل کالجز کے حکام پیش ہوئے اس موقع پربی ایم ایس آئی جناح میڈیکل سینٹر ڈاکٹر کوثر عامر سمیت دیگر بھی پیش ہوئیں انہوں نے چیف جسٹس کو بتایاکہ پی ایم ڈی سی نے کراچی یونیورسٹی سے تمام میڈیکل کالجز کا الحاق ختم کردیاہے جس کی وجہ سے کراچی یونیورسٹی سے الحاق شدہ تمام میڈیکل کالجزکے طلبہ و طالبات کا مستقبل داؤ پر لگ گیاہے،بی ایم ایس آئی جناح میڈیکل سینٹر میں صرف 200 سے زائد طلبہ و طالبات زیرتعلیم ہیں جبکہ کے ایم ڈی سی میں ایک ہزا رطلبہ ہیں جو پی ایم ڈی سی کے اقدام سے بری طرح سے متاثرہوسکتے ہیں اس کے علاوہ پی ایم ڈی سی نے جامعہ کراچی اور دیگر جنرل جامعات سے ایم فل اور پی ایچ ڈی کرنےو الے میڈیکل ڈاکٹرز کی رجسٹریشن بھی طویل عرصے سے روک رکھی ہے،اس موقع پر پی ایم ڈی سی کے کے رجسٹرار وسیم ہاشمی نے بتایاکہ الحاق ختم کرنے کی وجہ اصولی ہے کہ کراچی یونیورسٹی کا اپنا کوئی میڈیکل کالج نہیں ہے اس صورت حال میں کراچی یونیورسٹی کو اختیارنہیں کہ وہ کسی میڈیکل کالج کو اسناد جاری کرسکے جس پر ڈاکٹر کوثر عامر نے بتایاکہ سی پی ایس پی (کالج آف فزیشن اینڈ سرجنز پاکستان ) جو کہ اسپیشلائزیشن کی ڈگری جاری کرتا ہے اس کا بھی کوئی اپنا میڈیکل کالج نہیں ہے چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے ڈاکٹر کوثر عامر کا موقف سننے کے بعد آبزرویشن میں کہا کہ یہ بات درست ہے کہ متبادل فراہم کیے بغیر پی ایم ڈی سی کے اقدام سے طلبہ و طالبات کا مستقبل داؤ پر لگ سکتاہے لہذا پی ایم ڈی سی کی جانب سے کراچی یونیورسٹی سے میڈیکل کالجز کا الحاق ختم کرنے کو نوٹیفکیشن معطل کیا جاتاہے ۔بعدازاں ایف آئی اے کے ڈائریکٹر ڈاکٹر عثمان کی جانب سے پرائیویٹ میڈیکل کالجز میں داخلوں کی فیس سے متعلق رپورٹ بھی جمع کرائی جسے فاضل بنچ نے کیس میں ریکارڈ کا حصہ بناتےسماعت ملتوی کردی ۔