اسلام آبادمیں بچوں اور بچیوں کیلئے یتیم خانہ بنایا جائیگا، حاجی حنیف طیب

June 20, 2018

کراچی (اسٹاف رپورٹر )المصطفیٰ ویلفیئر سوسائٹی کے سرپرست اعلیٰ سابق وفاقی وزیرڈاکٹرحاجی حنیف طیب نے کہاہے کہ اس رمضان میں ڈونرزاور معاونین نے المصطفیٰ کی جومالی معاونت کی ہے وہ المصطفیٰ پران کے اعتماداور اعتبارکامظہر ہے،اس پر ہم اﷲکا شکراداکرتے ہیں۔یہ سب نبی کریم ﷺکے نام کی برکت کافیضان ہے وہ المصطفیٰ میڈیکل سینٹرمیں منعقدہ سالانہ عیدملن کی تقریب سے خطاب کررہے تھے ۔جس کے مہمان خصوصی سماجی رہنما سردارعبدالرحیم تھے،جبکہ مقررین میں جماعت اہل سنت پاکستان کراچی کے امیر صاحبزادہ شاہ عبد الحق قادری،المصطفیٰ کے صدرڈاکٹرعبد الرحیم،سابق رکن قومی اسمبلی محمدعثمان خان نوری،عبد الغنی سلیمان،الیاس میمن،مولانانسیم احمدصدیقی،مولاناشا ھدین اشرفی،الحاج محمدرفیع اور معین خان شامل تھے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حاجی حنیف طیب نے کہاکہ المصطفیٰ کے لئے فنڈزجمع کرنے کی مہم میں پرنٹ اور الیکٹرونک میڈیاسے وابستہ صحافیوں کاکرداربھی قابل ستائش ہے،انہوںنے اخبارات اور ٹی وی چینلزپرالمصطفیٰ کے مختلف پروجیکٹس کوجو پزیرائی دی ہم ان کے انتہائی شکرگزارہیں اوران کے لئے دعائے خیر کرتے ہیں ،کیوں کہ نیکی کے اس مشن کی کامیابی ہمارے معاونین ،ورکرزاور صحافیوں کی مشترکہ کوششوں کاثمر ہے۔ان کا مزیدکہنا تھا کہ اس سال کے دوران اسلام آبادمیں بہت اعلیٰ معیارکایتیم خانے کے دوبلاک بنائے جائیں گے ایک یتیم بچوں کے لئے دوسرایتیم بچیوں کے لئے ہوگا۔اسی طرح حضرت علامہ ارشدالقادر یؒ کے خواب کی تعبیر کرتے ہوئے عظیم الشان ایسا ادارہ بنایاجائے گا جو دین کی خدمت کرناچاہتے ہیں ان کی بھرپورتربیت اور رہنمائی کی جائے گی ۔سردارعبدالرحیم نے اپنی تقریرمیں المصطفیٰ اور حاجی حنیف طیب کی انسانیت کیلئے خدمات کو شاندارالفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔تقریب میں انیس عارفہ ،احمدرضا طیب ،حسین لاکھانی ،مفتی سیف اﷲسعیدی،اکرم شاہ،سیدکمال مصطفی،محمدعلی فاضل ودیگر نے شرکت کی۔آخر میں المصطفیٰ کے صدرڈاکٹرعبد الرحیم اور جنرل سیکریٹری عبدالغنی سلیمان نے مہمانوں کاخیرمقدم کیا۔