سپر لیگ کی نادہندہ فرنچائز بورڈ کو 6لاکھ ڈالر دینے میں ناکام

June 22, 2018

کراچی (عبدالماجد بھٹی/ اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے دھمکی بھی کام نہیں آسکی۔ ایسے وقت میں جب کہ ملک میں نیب نے کرپشن اور لوٹ مار کرنے والوں کے خلاف کریک ڈائون شروع کیا ہوا ہے۔ کئی ہفتے گذرنے کے باوجود پاکستان سپر لیگ کی ایک فرنچائز ابھی تک چھ لاکھ ڈالرز کی نادہندہ ہے۔ کھلاڑیوں کو ادا کی جانے والی رقم کا چیک پاکستان کرکٹ بورڈ کو موصول نہیں ہوا ہے۔ نمائندہ جنگ نے اس بارے میں جب پاکستان کرکٹ بورڈ کے ایک اعلی افسر سے رابطہ کیا تو انہوں نے تصدیق کرتے ہوئے چیک جلد ملنے کیلئے امید ظاہر کی ۔ بورڈ کے ذمے دار نے کہا کہ میڈیا میں48 گھنٹے کی ڈیڈ لائن کی خبریں آئیں تھیں لیکن ہم نے کسی کو ڈیڈ لائن نہیں بلکہ جلد سے جلد پیسے ادا کرنے کی ہدایت کی تھی۔ امید ہے کہ فرنچائز اپنے وعدے کی پاسداری کرے گی۔ پاکستان سپر لیگ کی چھ میں سے پانچ فرنچائز نے اپنے اپنے حصے کا چیک پاکستان کرکٹ بورڈ کے سپر کردیا ہے۔ سب سے پہلے لاہور قلندر اور سب سے آخر میں نئی فرنچائز نے بورڈ کو چھ چھ لاکھ ڈالرز کا چیکدیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ فرنچائز کی جانب سےمعاوضے کی ادائیگی نہ ہونے کی وجہ سے ان ٹیموں کے کھلاڑیوں کو میچ فیس اور معاہدے کی رقوم میں ادائیگی تاخیر کا شکار ہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے واضح طور پر کہا ہے کہ معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے فرنچائز نے ادائیگی میں تاخیر کی ہے اگر یہ رقم ادا نہ کیتو 21 دن کا نوٹس دے کرمعاہدہ ختم کیا جاسکتا ہے۔ جبکہ بورڈ قانونی چارہ جوئی کا حق محفوظ رکھتا ہے۔ فرنچائز کئی ماہ گذرنے کے بعد معاہدے کے مطابق رقم ادا نہیں کرسکی ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ اس بارے میں ڈیڈ لائن دینے سے گریز کررہا ہے اور قانونی چارہ جوئی کے بجائی معاملات افہام تفہیم سے حل کرنا چاہتا ہے۔