مریدوں کے خون پر پلنے والے سیاسی مچھروں کو شکست دینگے، اداروں کا سیاسی کردار منظورنہیں، بلاول بھٹو

June 22, 2018

لاڑکانہ(ایجنسیاں‘جنگ نیوز)پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کے ایک تیر سے تین شکار،،نواز شریف‘عمران خان اورسندھ کے گرینڈ ڈیمو کریٹک الائنس پر وار‘کہاکہ ایک نے اداروں سے جنگ شروع کی،دوسرے نے گالیاں دینا شروع کردیں،ایک نے سیاست کو تجارت ،دوسرے نے سیاست کو مذاق بنادیا‘ مریدوں کے خون پر پلنے والے سندھ کے سیاسی مچھر پہلے بھی شکست کھاتے رہے‘اب بھی انہیں پسپا کیا جائے گا‘سیاست میں اداروں کا کردارمنظورنہیں۔تفصیلات کے مطابق لاڑکانہ میں بے نظیر بھٹو کی 65 ویں سالگرہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے سندھ میں بننے والے سیاسی اتحاد کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ مریدوں کے خون پر پلنے والے سیاسی مچھروں کو انتخابات میں شکست دیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ بے نظیر کی شہادت بھی بے نظیر تھی۔ان کا کہنا تھا کہ فتح اہم ہوتی ہے مگر اصول اس سے بھی زیادہ اہم ہوتے ہیں، ہم نفرت کی نہیں اصولوں اور عوام کی سیاست کرتے ہیں۔انہوںنے کہاکہ تاریخ کا جبر ہے کہ آج بھی ہمارا مقابلہ ضیاء الحق اور مشرف کی باقیات سے ہے، ایک نے اداروں سے جنگ شروع کی تو دوسرے نے گالیاں دینا شروع کر دیں۔چیئرمین پیپلز پارٹی نے سندھ میں بننے والے سیاسی اتحاد کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ جگہ جگہ سیاسی مچھروں کی لائنیں لگ گئی ہیں لیکن ان سیاسی مچھروں کے حملوں کو پسپا کر دیں گے۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ سیاسی مچھر اپنے مریدوں کے خون پر پلتے ہیں اور محسنوں سے غداری کرتے ہیں، یہ سیاسی مچھر چور دروازوں سے آنے کی کوشش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ سیاسی مچھر پہلے بھی آتے رہے اور شکست کھاتے رہے، سندھ کے عوام انہیں جانتے ہیں۔بلاول نے نوازشریف اورعمران خان کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہاکہ ایک نے آمریت کی گود میں جنم لیا اور دوسرا طالبان کے دم پر وزیراعظم بننا چاہتا ہے۔ ایک فرنچائز کا مرکز جاتی امرا میں ہے اور دوسرے کا بنی گالہ میں، ایک شخص لوٹوں کا تاج محل تعمیر کررہا ہے جبکہ دوسرا ووٹ کو عزت دینے کے پیچھے چھپ رہا ہے۔