سان فرانسسکو میں پہلا مکمل روبوٹک ریستوران ستمبر میں کھلے گا

June 26, 2018

Your browser doesnt support HTML5 video.

کراچی (نیوز ڈیسک) امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہر سان فرانسسکو میں دنیا کا پہلا روبوٹک ریستوراں رواں سال ستمبر میں کھولا جا رہا ہے جس میں سب سے اہم بات یہ ہے کہ اس میں تمام امور مشینیں انجام دیں گی، انسان کوئی کام نہیں کرے گا۔

برطانوی اخبار کی رپورٹ کے مطابق، ریسٹورنٹ میں نصب کی جانے والی مشینیں اور روبوٹ وہ تمام کام کر سکتے ہیں جو آج تک انسان کرتے آئے ہیں، یہاں نصب کیا جانے والا باورچی روبوٹ برگر کیلئے کباب (پٹیز) تل سکتا ہے، بن کو مکھن لگا کر انہیں سینک سکتا ہے، ان پر مختلف چٹنیاں (ساس) لگا سکتا ہے اور ساتھ ہی میز پر آپ کو پیش بھی کرے گا، یہ تمام کام کرنے میں صرف پانچ منٹ خرچ ہوں گے۔

رپورٹ کے مطابق، یہ نظام بنانے میں 8؍ سال کا عرصہ لگ گیا کیونکہ برگر تیار کرنے والا روبوٹ بنانے میں کئی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

کچن میں نصب کی جانے والی 14؍ فٹ روبوٹک مشین، جسے ریستوراں کے مالک نے ’’کولینری انسٹرومنٹ‘‘ کا نام دیا ہے، کو چلانے کیلئے 20؍ کمپیوٹرز، 350؍ سینسرز اور 50؍ ایکچوئیٹرز (ڈسک ڈرائیو سسٹم) نصب کیے گئے ہیں۔

اس نظام میں پنیر، ٹماٹر، پیاز اور اچار (پکل) رکھنے کیلئے مختلف ٹیوبز بھی نصب کی گئی ہیں جو فوری طور پر روبوٹ کو یہ سامان فراہم کرکے اپنا کام پورا کرنے میں مدد دیتی ہیں۔

سب سے پہلے مشین برگر بن کو کاٹ کر اسے سینکتی ہے جس کے بعد اس پر مختلف ٹاپنگز، مصالحے اور ساسز و چٹنیاں لگاتی ہے اور اس کے بعد کباب (پٹیز) کو پکاتی ہے۔

کولینری انسٹرومنٹ میں نصب بازو برگر سینکنے کیلئے اسے پلٹ بھی سکتا ہے اور حیران کن بات یہ ہے کہ یہ پورا نظام چلانے کیلئے انسانی مدد کی ضرورت بالکل پیش نہیں آتی۔

برگر بنانے پر صرف 6؍ ڈالر خرچہ آتا ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ چونکہ برگر بنانے کیلئے کسی انسان کی ضرورت نہیں اسلئے یہ حفظانِ صحت کے اصولوں کے عین مطابق تیار ہوگا۔