سہ ملکی سیریز : فنچ کاعالمی ریکارڈ، آسٹریلیا فاتح

July 03, 2018

سہ ملکی سیریز کے تیسرے میچ میں فنچ کی دھواں دھار اننگز کی بدولت آسٹریلیا نے زمبابوے کو یکطرفہ مقابلے میں شکست دے دی ہے۔ آسٹریلین کپتان ایرون فنچ شاندار 172رنز کے باعث مین آف دی میچ قرار پائے گئے ۔

ہرارے میں زمبابوے کا آسٹریلیا کو ٹاس جیت کر بیٹنگ کی دعوت دینا غضب بن گیا، کینگروز کپتان اوپنر فنچ نےحریف زمبابوین ٹیم پر چھکوں اور چوکوں کی برسات کردی۔

کپتان ایرون فنچ نے 76گیندوںکا سامنا کرتے ہوئے 10چھکوں اور 16چوکوں کی مدد سے سب سے بڑی انفرادی اننگز کھیل کر عالمی ریکارڈ قائم کردیا۔

فنچ نے پہلے 22گیندوں پر نصف سنچری کی پھر 50گیندوں پر سنچری بنائی لیکن ان کے ارادے تو کچھ اور ہی تھے انہوں نے 156 رنز سے آگے نکل کر ٹی20 انٹرنیشنل میں سب سے بڑی انفرادی اننگز کا اپنا ہی ریکارڈ توڑا جبکہ فنچ صرف 3 رنز کی کمی سے ٹی ٹوئنٹی میچز کی سب سے بڑی انفرادی اننگز کھیلنے سے محروم رہے۔

کرس گیل نے انڈین پریمیئر لیگ کے 2013 کے ایڈیشن میں رائل چیلنجرز بنگلور کی جانب سے کھیلتے ہوئے پونے واریئرکے خلاف 175 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔

اُنہوں نے ساتھی اوپنر شارٹ کے ساتھ مل کر ٹی 20 انٹرنیشنل میں پہلی وکٹ پر 223 رنز کی شراکت بنا کر کا نیا ریکارڈ بھی بنا دیا تاہم شارٹ نے تو صرف 46 رنز ہی بنائے مگر فنچ نے بولرز کی دل کھول کر پٹائی کی اور کینگروز کا اسکور مقررہ 20 اوررز میں 2 وکٹ پر 229رنز تک پہنچا دیا ۔

کینگروز کے 230ہدف کے جواب میں زمبابوے کے ابتدائی بیٹسمینو ں نے جارحانہ انداز اختیار کیا اور درکار اوسط کو قائم رکھنے کی کوشش کی لیکن جب وقفے وقفے سے وکٹیں گرنے لگیں تو بیٹسمینوں کی ہمت جواب دے گئی اور ٹیم مقررہ اوورز میں 9 وکٹ پر 129 رنز ہی بناسکی جس میں سولومن مائر 28 اور پیٹر مور 19 رنز کے ساتھ نمایاں رہےتاہم اینڈریو ٹائی نے 3اور ایشٹن ایگار نے 2 وکٹیں حاصل کیں ۔

واضحرہے کہ سہ ملکی سیریز کے چوتھے میچ میں پاکستان بمقابلہ زمبابوے ہوگا جو کل پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر ایک بجے کھیلا جائے گا۔