لاہور اور پیرس کی بارشوں کا بے جوڑ موازنہ

July 03, 2018

لاہور میں بارش نے38سالہ ریکارڈ توڑ دیا ۔ رپورٹس کے مطابق252ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جس سے کاروبار زندگی معطل ہوکر رہ گیا ۔ اس قدرتی آفت کو سابقہ حکومت کی کارکردگی سے جوڑتے ہوئے سیاسی حریفوں نے طنز کے نشترچلانے شروع کیے تو ایسا لگتا ہے جیسے یہ بارش الیکشن مہم کا حصہ بن گئی ، کہا جا رہا ہے کہ” پیرس کا پول کھل گیا یامیں پیرس دیکھ کے آیا ہوں“۔ سیاسی حریفوں نے بارش کی ویڈیو سوشل میڈیا پر ڈال کر شہبا ز حکومت پرتنقید کی مہم جاری کر رکھی ہے، لیکن ان کو معلوم بھی ہے کہ پیر س میں بارش کی شدت کیا ہے،پیرس اور لاہور کے موسموں میں کیا فرق ہے؟

پیرس کی تاریخ میں سب سے زیادہ بارش کا ریکارڈ24اگست1987 کا ہے جب ایک دن میں95عشاریہ سات ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔ پیرس کو ville lumière روشنیوں کا شہر کہا جاتا ہے لیکن میڈیا نے رواں برس جنوری میں اسے پانیوں کا شہر کہنا شروع کردیا جب شدید بارشوں کی وجہ سے دریائے سین ابل پڑا۔دوماہ میں ہونے والی بارش نے گزشتہ پچاس سال کا ریکارڈ توڑ دیا۔پندرہ سو لوگوں کو محفوظ مقام پر پہنچایا گیا، ہزاروں لوگ بجلی اور پانی سے محروم ہوگئے۔

فرانسیسی اخبار لی مونڈے نے کہا کہ1900کے بعد سے یہ دوسرا موسم سرما ہے جب اتنی بارش ہوئی ۔دریا کے ساتھ لوور میوزیم کے اسلامک آرٹ ڈیپارٹمنٹ کو کچھ عرصے کےلئے بند کردیا گیا۔ دو افراد کی ہلاکتیں ہوئیں، ایک ارب24کروڑ ڈالر کا نقصان ہوا۔242ٹاؤن ان بارشوں سے متاثر ہوئے۔ گزشتہ ماہ جون میں فرانس کے محکمہ موسمیات” میٹیو فرانس“ کا کہنا تھا کہ 24گھنٹے میں78ملی میٹر بارش ہوئی جو پیرس میں جون کے مہینے کا ریکارڈ ہے۔

اس سے قبل1960میں 58ملی میٹر بارش ہوئی تھی۔ جولائی2017میں پیرس میں دو گھنٹے میں 54ملی میٹر بارش ہوئی جس پر شہر میںافراتفری پھیل گئی۔بیس میٹر و اسٹیشن بند کردیئے گئے۔ اس سے قبل 2جولائی1995کو ریکارڈ بارش ہوئی جو47عشاریہ4ملی میٹر تھی۔ اس دوران بیرس فائر بریگیڈ کو17سوو ایمرجنسی کال موصول ہوئیں۔

نو جولائی2017کو پیرس میں ایک گھنٹے میں49عشاریہ2ملی میٹر(ایک عشاریہ نو انچ) بارش ہوئی جس کی وجہ سے گلیوں،گھروں اورمیٹرو اسٹیشن پانی سے بھر گئے۔ یہ اس شہر میں جولائی میں ایک گھنٹے میں ریکارڈساز بارش تھی جس نے1880کا ریکارڈ توڑ دیا۔

مئی 2016 کے آخرمیں پیرس میں شدیدبارشوں کی وجہ سے آنے والے سیلاب سے18افراد جاں بحق او ر ایک ارب یورو کا نقصان ہوا۔ 29سے 31مئی کو تین دن ہونے والی بارش فرانس میںمجموعی طورر پر ہونے والی بارش کا چالیس فی صد تھی ۔ پیرس کے سین اور لوئر دریاؤں میں مئی میں کبھی سیلاب نہیں آئے تھے ۔ ہمیشہ ان دریاؤں میں دسمبر سے مارچ کے درمیان سیلاب آتے تھے ۔تاریخ میںجولائی 1659اورجون1856 میں سیلاب آئے تھے۔ پیرس کو 1910میں سیلاب نے سب سے زیادہ متاثر کیا تھا اس سیلاب سے ڈیڑ ھ ارب ڈالر کانقصان ہوا تھا۔

فرانس کے پیرس لی بورگٹ ائیرپورٹ پر1872سے اب تک ہر ماہ بارش کا جو ریکارڈ رکھا گیا ،اس کے مطابق زیادہ سے زیادہ اوسطاً ملی میٹرہر ماہ جتنی بارش ہوئی ، ان کے اعدادوشمار یہ ہیں جنوری میں45عشاریہ8 ، فروری میں38عشاریہ9، مارچ میں41عشاریہ0، اپریل میں44عشاریہ 4،مئی میں55عشاریہ 7، جون میں56عشاریہ 6، جولائی میں57عشاریہ 0، اگست میں55عشاریہ2،ستمبر میں52عشاریہ8،اکتوبر میں56عشاریہ5، نومبر میں53عشاریہ7 اور دسمبر میں49عشاریہ3ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

اگر لاہور اور پیرس کے موسموں کی شدت کا موازنہ کریں تو پیرس میں جنوری سرد ترین مہینہ جب درجہ حرارت پانچ سینٹی گریڈ جب ہ جولائی گرم ترین ماہ جب درجہ حرات20سینٹی گریڈ ہوتا ہے۔

لاہو ر شہر کا گرم ترین دن 30مئی 1944تھاجب درجہ حرارت48عشاریہ3سینٹی گریڈ اورنو جون 2007کو48سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ کم سے کم درجہ حرارت13جنوری1967کو منفی ایک سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

تاہم دنیا میں 24گھنٹے میں1825میٹر یعنی71عشاریہ8 انچ بارش کا عالمی ریکارڈ 7اور8جنوری1966کو جنوبی بحر ہند کے جزیرے لا ری یونین میں ریکارڈ کیا گیا۔