پہلا ٹی20: بھارت نے انگلینڈ کو 8 وکٹوں سے ہرادیا

July 04, 2018

بھارت نے پہلے ٹی20 میچ میں انگلینڈ کو باآسانی 8وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں ایک۔صفر کی برتری حاصل کرلی۔کلدیپ یادیو نے پانچ وکٹیں لیں جبکہ لوکیش راہول نے ناقابل شکست 101رنز کی اننگز کھیلی۔

انگلینڈ نے میچ جیتنے کے لئے 160 رنز کا ہدف دیا جو بھارت نے صرف دو وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔

بھارتی کپتان ویرات کوہلی نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کو ترجیح دی، انگلش بیٹسمین جوس بٹلر 69رنز، جیسن روئے 30 اور آخر میں ڈیوڈ ولی نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے 28رنز بنائے،ان کے علاوہ کوئی بیٹسمین بھارتی بولرز کے سامنے ٹک نہ سکا اور پورا مڈل آڈرایک، ایک کرکے پویلین لوٹتا رہا۔

یوں انگلش ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 159 رنز بناسکی۔

بھارت کی جانب سے کلدیپ یادو نے 24رنز کے عوض 5 شکار کئےجبکہ امیش یادیو 2 وکٹیں لے سکے۔

ہدف کے تعاقب میں بھارت کی اننگز کا آغاز مایوس کن رہا اور صرف سات رنز پر شیکھر دھون چار رنز بناکر بلی کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے، اس کے بعد روہیت شرما اور لوکیش راہول نے دوسری وکٹ کی شراکت میں 123 رنز جوڑ کر ٹیم کے لئے جیت کر راہ ہموار کردی۔

روہیت شرما 32 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ لوکیش راہول نے 54 گیندوں پرپانچ چھکوں اور دس چوکوں کی مدد سے 101رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔

بھارت نے مطلوبہ ہدف اٹھارہویں اوور کی دوسری گیند پر صرف 2 وکٹیں کھو کر حاصل کرلیا۔

کلدیپ یادیو کو بہترین بولنگ پرفارمنس پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔

دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا میچ 6 جولائی کو کارڈف میں کھیلا جائے گا۔