جیو نیوز کی سب سے بڑی الیکشن ٹرانسمیشن کا رنگا رنگ آغاز

July 04, 2018

کراچی (محمد ناصر) عوام کو تازہ اور مستند معلومات فوری فراہم کرنے کے علاوہ انہیں باشعور بنانا ”جیو نیوز“ کا مشن رہا ہے۔ پاکستان کے سب سے بڑے نیوز چینل ”جیونیوز“ پر پاکستان کی سب سے بڑی الیکشن نشریات 2018ءکا باقاعدہ آغاز ہوگیا ہے۔ ناظرین نے 2013ءمیں پاکستان کی سب سے بڑی نشریات اپنے پسندیدہ چینل ”جیونیوز“ پر ملاحظہ کی تھی۔ 2018ءمیں جیونیوز کے الیکشن ہیڈ کوارٹر سے پیش کی جانے والی نشریات پہلے سے بھی بڑی اور نئی انرجی کے ساتھ پیش کی جائیں گی۔ اس نشریات میں سینئر صحافی، پاکستان کے معتبر تجزیہ کار، سینئر صحافی اور پاکستان کے نامور سیاستدان شرکت کریں گے۔ اس کے علاوہ ملک بھر میں موجود رپورٹرز کی ٹیم گلی گلی قریہ قریہ جاکر خبریں، الیکشن سے متعلق سرگرمیاںعوام کے سامنے لائیں گی ۔ نشریات کے دوران ڈسٹرکٹ پالیٹکس، اہم حلقے،سیاسی جماعتوں کے منشوراور مختلف امیدواروں کی شکت و فتح کے امکانات پر بھی بات کی جائے گی۔ پاکستان کے گیم چینجر شہروں کا بھی خصوصی ذکر ہوگا جو الیکشن کے نتائج پر اثر انداز ہوسکتے ہیں۔ گذشتہ 5 برس میں کس سیاسی جماعت نے عوام کیلئے کام کیا اور کس نے نہیں کیا اس حوالے سے بھی خصوصی گفتگو ہوگی۔ جیسے جیسے الیکشن کے نتائج سامنے آئیں گے اُن کی فوری خبر بھی ناظرین تک پہنچائی جائے گی۔

خصوصی نشریات کے افتتاحی پروگرام میں چاروں صوبوں میں موجود بیوروز نے اپنے شہروں میں ہونے والی الیکشن کی سرگرمیوں کا احوال بتایا اسلام آباد میں موجود آسیہ انصر نے بتایا کہ 21 کروڑوں عوام کو الیکشن کی لمحہ بہ لمحہ خبریں پہنچانے کا عزم کر رکھا ہے۔ کوئٹہ سے شہاب عمر نے شہر کی سیاسی سرگرمیوں کو پیش کیا۔ ملتان سے شہادت حسین نے پارٹی پرچموں کی بہار اور کارنر میٹنگز کے حوالے سے آگاہ کیا۔ کراچی سے قسیم سعید نے بتایا کہ عوام کو نئی اور بڑی خبریں دینے کیلئے 24 گھنٹے کام کیا جارہا ہے۔ اس کے علاوہ اُنہوں نے کراچی کی الیکشن سرگرمیوں کے حوالے سے اپنی ویڈیو کے ذریعے طوفانی دورہ بھی کرایا۔ سینئر اینکر محمد جنید نے کراچی میں موجود الیکشن ہیڈ کواٹر میں کام کرنے والوں کا تعارف کرایا، وہاں الیکشن کو کور کرنے والے نوجوانوں کی تعریف کی ۔ الیکشن سیل میں موجود جہانزیب نے فاٹا، عائشہ نے جنوبی پنجاب کا احوال بتایا۔ سہیل وڑائچ ، حامد میر، طلعت حسین، شاہزیب خانزادہ، منیب فاروق اور سلیم صافی اور دیگر بھی موجود ہوں گے۔ اس موقع پر سہیل وڑائچ کا کہنا تھا کہ جیو نے جس روایت کا آغاز کیا ہم اُسے آگے لیکر چل رہے ہیں، بہت بڑے اس نشریات میں نام ہمارے ساتھ ہوں گے، کون جیت سکتا ہے، کس کا پلہ بھاری ہے یہ سب بتایا جائے گا۔ ہزاروں لوگوں کا عملہ ہوتا ہے جو اکھٹے ہوکر کام کررہا ہے۔ اُسی وقت اتنی بڑی ٹرانسمیشن کرنا ممکن ہوتا ہے۔ رابعہ انعم نے بتایا کچھ حلقوں پر ”ٹی ٹوئنٹی، کچھ پر ٹی 10 اور کچھ پر ٹی فائیو سیگمنٹ ہوگا جس میں تیزی سے بات ہوگی۔ الیکشن ہیڈ کوارٹر کو سینئر صحافی اور تجزیہ کار سہیل وڑائچ ہیڈ کریں گے جبکہ اس نشریات کی میزبانی نیوز اینکر رابعہ اور منیب فاروق کررہے ہیں۔