پاکستان، آسٹریلیا آج ٹرائنگولر سیریز کا فائنل کھیلیں گے

July 08, 2018

زمبابوے میں کھیلی جانے والی سہ فریقی ٹی ٹونٹی سیریز کا فائنل پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان آج کھیلا جائے گا ۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ آسٹریلیا کے خلاف فائنل میچ کیلئے پاکستان اوپنرز کی ایک اور نئی جوڑی کھلانے کا تجربہ کر ے گا۔

دو میچز میں ناکام رہنے والے حارث سہیل کو ڈراپ کرکے چار سدہ سے تعلق رکھنے والے 22 سالہ اوپنر صاحبزادہ فرحان کو ڈیبیو کرایا جائے گا۔وہ فخر زمان کے ساتھ اننگز کا آغاز کریں گے۔ صاحبزادہ فرحان نے پاکستان سپر لیگ کے پانچ میچوں میں 91 رنز بنائے تھے۔

دوسری جانب فائنل کے بارے میں آسٹریلوی قائد ایرون فنچ کا کہنا ہے کہ اس وقت میری فارم لگی ہوئی ہے اور میں اچھے انداز میں گیند کو ہٹ کررہا ہوں، مجھے امید ہے کہ فائنل میں اچھی کارکردگی دکھاؤں گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ٹیم میں ٹی ٹونٹی کے کئی خطرناک کھلاڑی موجود ہیں، اس وقت فخر زمان بہت اچھی فارم میں ہیں، ان کے کھیل کا خطرناک پہلو یہ ہے کہ وہ مستقل مزاجی سے اس فارمیٹ میں کارکردگی دکھار ہے ہیں۔

ذرائع کے مطابق امکان ہے کہ پاکستان ٹیم میںعثمان شنواری کی جگہ حسن علی لیں گے۔ سرفراز احمد نے کہا کہ موسم ہماری کارکردگی پر اثر انداز نہیں ہوگا لیکن ہمارے لیے یہاں کی سردی بہت زیادہ ہے، موسم مختلف ہے اس لئے ٹاس سے پہلے ٹیم کو حتمی شکل دیں گے۔

آسٹریلیا کے خلاف سیریز کے فائنل میچ کیلئے پاکستان کے 12 کھلاڑیوں میں سرفراز احمد (کپتان)، فخر زمان، صاحبزادہ فرحان، شعیب ملک، حسین طلعت، آصف علی، شاداب خان، فہیم اشرف، محمد عامر، عثمان شنواری، حسن علی اور شاہین شاہ آفریدی شامل ہیں۔