نواز شریف کی واپسی؛ لاہور پولیس کا سیکورٹی پلان تیار

July 10, 2018

لاہور پولیس نے 13 جولائی کو سابق وزیر اعظم نواز شریف کی لندن سے واپسی پر ممکنہ صورتحال کے پیش نظر سیکورٹی پلان تیار کرلیا ہے، سیکورٹی پلان دو مراحل پر مشتمل ہوگا۔

ذرائع کے مطابق پہلا حصہ ایئر پورٹ اور دوسرا کینٹ سے جاتی امرا تک ہوگاجبکہ شہر کے 24 مقامات کو حساس قرار دے دیا گیا ہے۔

نواز شریف کے روٹ پر ڈھائی ہزار پولیس اہلکار تعینات کیے جائیں گے جن میں اینٹی رائٹس، پیٹرولنگ اور ایلیٹ فورس کے اہلکار شامل ہوں گے۔

ذرائع کے مطابق ن لیگ کے کارکن ایئرپورٹ کے باہر جمع ہوسکیں گے تاہم کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی، گڑبڑ کے خدشے پر ن لیگ کے بعض رہنماؤں اور سرگرم کارکنوں کی لسٹیں تیار کرلی گئی ہیں،امکان ہے کہ ایسے رہنماؤں اور کارکنوں کو گرفتار کرلیا جائے گا۔