عوامی نیشنل پارٹی دباؤ کے باوجود انتخابی میدان میں ہے، ستارہ ایاز

July 15, 2018

کراچی (ٹی وی رپورٹ)عوامی نیشنل پارٹی کی رہنما سینیٹر ستارہ ایاز نے کہا ہے کہ عوامی نیشنل پارٹی تمام تر دباؤ کے باوجود انتخابی میدان میں ہے، مستونگ دھماکے سے لگا ہماری قوم بے حس ہوگئی ہے، سوشل میڈیا پر مستونگ کی مائیں روتی پیٹتی دکھائی جارہی تھیں لیکن الیکٹرانک میڈیا پر یہ واقعہ کہیں نظر نہیں آرہا تھا۔ وہ جیو کے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ میں میزبان حامد میر سے گفتگو کررہی تھیں۔ پروگرام میں ن لیگ کے رہنما سردار ایاز صادق، پی ٹی آئی کے رہنما عارف علوی اور وائس چیئرمین پاکستان بار کونسل کامران مرتضیٰ بھی شریک تھے۔کامران مرتضیٰ نے کہا کہ ن لیگی رہنماؤں پر عدلیہ مخالف نعرے لگانے کا مقدمہ درج کر کے انہیں ڈرانے کی کوشش ہورہی ہے، عدلیہ اور سیاسی جماعتوں کو آمنے سامنے لانے کی کوشش کی جارہی ہے۔سردار ایاز صادق نے کہا کہ مستونگ حملے میں اتنی ہلاکتیں ہوں گی اس کا اندازہ نہیں تھا، سانحہ مستونگ کابروقت پتا چل جاتا تو کل ریلی میں بینڈ باجے اور ترانے نہیں بجاتے، کل عدلیہ کیخلاف نعرے نہیں لگے البتہ عدلیہ کے فیصلے کیخلاف ہم نے ضرور تقریریں کیں۔عارف علوی نے کہا کہ پشاور اور مستونگ میں خودکش حملے انتخابات کو سبوتاژ کرنے کیلئے ہیں، مستونگ میں اتنے بڑے سانحہ کے باوجود میڈیا کی توجہ وہاں مرکوز نہ ہونا تعجب انگیز ہے۔ستارہ ایاز نےکہا کہ مستونگ دھماکے سے لگا ہماری قوم بے حس ہوگئی ہے، سوشل میڈیا پر مستونگ کی مائیں روتی پیٹتی دکھائی جارہی تھیں لیکن الیکٹرانک میڈیا کو نواز شریف کی واپسی کی خبروں سے ہی فرصت نہیں تھیں جبکہ عمران خان اسٹیج سے حسب معمول الٹی سیدھی باتیں کرتے نظر آئے، یہ کیسے لیڈر ہیں جنہیں بلوچستان میں خون کی ندیاں بہتی نظر نہیں آرہی ہیں، سانحہ مستونگ سانحہ آرمی پبلک اسکول کے بعد سب سے بڑا دہشتگردی کا واقعہ ہے جو میڈیا میں کہیں نظر نہیں آرہا ہے، کل پشاور اور بنوں میں دھماکے ہوئے آج صوابی میں بینڈ باجے بج رہے ہیں۔