امریکی دھمکیوں کے بعد ایران میں روسی سرمایہ کاری

July 17, 2018

ایران کے خلاف امریکی دھمکیوں کے تناظر میں بڑی مغربی کمپنیاں ایران سے اپنا کاروبار سمیٹ رہی ہیں اور ایسے میں روس نے ایران کی تیل و گیس کی صنعت میں 50 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا فیصلہ کیا ہے۔

روس کی توانائی کی بڑی کمپنیوں اور ایرانی وزارت تیل کے درمیان اربوں ڈالر مالیت کے معاہدوں پر بات چت جاری ہے۔

روسی میڈیا کے مطابق ماسکو اور تہران دوطرفہ اقتصادی تعاون بڑھا رہے ہیں اور روس، ایران میں توانائی کے شعبے میں اربوں ڈالرز کی سرمایہ کاری کرنے کی منصوبہ بندی کر رہا ہے۔

ایران کے بین الاقوامی معاملات کے سینئر مشیر علی اکبر ولایتی نے گزشتہ ہفتے ماسکو میں صدر ولادیمیر پوتن سے ملاقات کی جس میں دونوں ملکوں کے درمیان تعاون کے ساتھ ساتھ علاقائی صورت حال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

کریملن کے مطابق دونوں رہنماؤں نے ایران کے بین لاقوامی ایٹمی معاہدے کی بھی توثیق کی۔