پرواز کے دوران شکل تبدیل کرنے والا روبوٹ

July 17, 2018

جاپانی ماہرین نے سانپ کی شکل کا ایک روبوٹ تیار کیا ہے ۔یہ روبوٹ پرواز کے دوران اپنی شکل تبدیل کر لیتا ہے اور آڑھی ترچھی جگہوں سے بآسانی نکل جا تا ہے ۔یونیو رسٹی آف ٹوکیو کی جے ایس لیب نے اسے تیار کیا ہے اور اس کو ماہرین نے ’’ڈریگون ‘‘ کا نام دیا ہے ۔یہ بالکل سانپ کی مانند دکھائی دیتا ہے ۔یہ گھر کے اندر بھی بآسانی پرواز کر سکتا ہے ۔اسی بناء پر اسے اژدہے کا نام دیا گیا ہے ۔اسے ایک سیدھی رسی کی طرح بنایا گیا ہے جو زگ زیگ کرتے ہوئے اپنی منزل تک پہنچتاہے ۔علاوہ ازیں یہ چوکور اور چھلا نما ساخت میں بھی ڈھل جاتا ہے ۔

ماہرین کے مطابق یہ اُڑن روبوٹ کی ایک نئی قسم ہے ۔اس کی تیاری میں اعلیٰ درجے کی ریاضی کا استعمال کیا گیا ہے ،کیوں کہ اس کو اشکال تبدیل کرنے کے لیے موثر ہدایات کی ضرورت ہوتی ہے اور یہی وجہ ہے کہ اس کے سافٹ ویئر میں بنیادی تبدیلیاں بھی کی گئی ہیں ۔ایک روبوٹ میں کئی موڈیولز ہیں ،جن میں ہر ایک میں بیٹری اور مخصوص سر کٹ لگا ہوا ہے او ر ہر ماڈیول کی خاص بات یہ ہے کہ اس میںڈکٹ فین ہے جو کئی سمتوں میں مڑ سکتا ہے ۔یہ تمام ماڈیولز جڑ کر ڈریگن کو اُڑن ٹرین بناتے ہیں ۔ماہرین کاکہنا ہے کہ اگلے مرحلے میں اس میں دائیں اور بائیں جانب بازو اور گر فت کرنے والے شکنجے بھی لگائیں گے جو روبوٹ کو ایک نیا انداز دیں گے ۔اس کی مدد سے روبوٹ دیگر کاموں کے لیے بھی استعمال کیا جاسکے گا۔