عمران نیازی کا دماغ اور جلسے دونوں خالی ہیں، شہباز

July 18, 2018

مسلم لیگ ن کے صدر شہبازشریف نے کہا ہے کہ آج کل عمران نیازی کے جلسے کی کرسیاں اور ان کا دماغ دونوں ہی خالی ہیں۔

ڈیرہ غازی خان کے علاقے روجھان میں جلسے سے خطاب میں شہبازشریف نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے 5 سال میں ہزاروں میگا واٹ بجلی دی ،لیکن الزام خان ایک کلو واٹ بجلی بھی نہیں دے سکے ۔

انہوں نے کہا کہ 5 سال دھرنے دیے ، جھوٹ بولے ، غلط الزامات لگائے ، نہ اسپتال بنایا ، نہ کالج ،پشاور میں ڈینگی نے حملہ کیا تو جھوٹا نیازی خان نتھیا گلی چلا گیا ۔

شہبازشریف نے یہ بھی کہا کہ عوام 25جولائی کو بلے ،تیر اور جیپ کو ہرائیں گےاورن لیگی امیدوار کو کامیاب بنائیں گے ۔

ان کا کہنا تھاکہ جنوبی پنجاب ن لیگ کا قلعہ ہے ،ہم نے یہاں ریکارڈ کام کرائے ہیں،ایک طرف الزام خان ہے اور دوسری طرف یہ خادم ہے ،آپ نے بلے ،تیر اور جیپ کو ہرانا اور شیرکو جتانا ہے۔