اداروں کو الیکشن خراب کرنیکی کوششوں سےاجتناب کر نا چاہئے، اعتزاز احسن

July 19, 2018

لاہور(نمائندہ جنگ) پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ الیکشن خراب کرنے کی سازش ہو رہی ہے، ادارے اجتناب کریں، ن لیگ ڈیل کی کوشش کر رہی ہے، مخلوط حکومت بنی تو اس میں پیپلزپارٹی حاوی ہو گی،نواز شریف کی لاہور ائیر پورٹ آمد پر مسلم لیگ ن کی ریلی سے شہباز شریف تین گھنٹے تک غائب رہے، مسلم لیگ ن آج بھی ڈیل کی کوشش کر رہی ہے۔ اگر کوئی مخلوط حکومت بنی تو اس میں پیپلزپارٹی حاوی ہو گی۔ وہ ڈیفنس سوسائٹی میں پیپلزپارٹی پنجاب کے سیکرٹری فنانس حلقہ 133 سے قومی اسمبلی کے امیدوار عاصم محمودبھٹی کے دفتر میں پریس کانفرنس سے خطا ب کر رہے تھے۔ان کے ہمراہ عاصم محمود بھٹی ، امیدوارصوبائی امیدوار عاطف چودھری سمیت کارکنوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔اس موقع پر تحریک انصاف کے مقامی رہنمائوں ریاض شیخ، ملک محمد ارشد، ملک رفیق، مسلم لیگ ن کے یسیٰن غازی نے پیپلزپارٹی کے امیدواروں کی مکمل حمایت کا اعلان کیا۔ اعتزاز احسن نے کہا کہ شہباز شریف اب بہانے بنا رہا ہے کہ ائیرپورٹ جانا ہی نہیں تھا۔