ایران نے سینٹری فیوجز کی تیاری کے لیے روٹر فیکٹری تعمیر کرلی

July 19, 2018

تہران ( نیوز ڈیسک ) ایران کے جوہری ادارے کے سربراہ علی اکبر صالحی کا کہنا ہے کہ ادارے نے ایک ایسی فیکٹری تعمیر کر لی ہے جہاں روزانہ 60 سینٹری فیوجز کے لیے روٹرز تیار کیے جا سکتے ہیں ۔ ان کے اس اعلان سے ایک ماہ قبل ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے متعلقہ اداروں کو امریکا کے ساتھ جوہری سمجھوتا ناکام ہونے کی صورت میں یورینیم کی اعلیٰ سطح پر افزودگی شروع کرنے کا حکم دیا تھا ۔ ایران کے سرکاری میڈیا کے مطابق نیو کلیئر چیف نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اس نئی فیکٹری سے جولائی 2015ء میں طے شدہ جوہری سمجھوتے کی شرائط کی خلاف ورزی نہیں ہوئی ہے ۔ انھوں نے کہا کہ ہم نے آیندہ 7 یا 8 سال میں اس فیکٹری کو تعمیر کرنے کے بجائے مذاکرات کے دوران میں بنالیا تھا لیکن اس میں کام شروع نہیں کیا تھا ۔ اس بارے میں سپریم لیڈر کو اس پیش رفت سے بروقت اور مکمل طور پر آگاہ رکھا گیا تھا ۔ اب انھوں نے اس فیکٹری میں تمام کام شروع کرنے کا حکم دے دیا ہے ۔