الیکشن: فوج ضابطہ اخلاق کے اندر رہے گی،آزادی کے ساتھ ووٹ ڈالنے کا جمہوری حق ممکن بنایا جائیگا، آرمی چیف

July 20, 2018

راولپنڈی (ایجنسیاں) پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاک فوج الیکشن کمیشن کے طے شدہ ضابط اخلاق کے اندررہتے ہوئے دیئے گئے مینڈیٹ کے تحت معاونت فراہم کریگی‘عوام کو آزادی کے ساتھ ووٹ ڈالنے کا جمہوری حق ممکن بنایا جائے گا‘سکیورٹی اداروں میں مکمل ہم آہنگی ہے۔ وہ جمعرا ت کو آرمی الیکشن سپورٹ سینٹر کے دورہ کے موقع پر گفتگو کر رہے تھے ۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے آرمی الیکشن سپورٹ سینٹر راولپنڈی کا دورہ کیا جہاں پر انھیں صاف ،شفاف اور غیر جانبدارانہ الیکشن 2018کے الیکشن کے انعقاد کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہاکہ دیگرسکیورٹی اداروں سے ہم آہنگی کے ساتھ کام کرتے ہوئے پاکستان کے لوگوں کو انکے جمہوری حق کا آزادانہ استعمال کرنے کے لئے محفوظ ماحول کی فراہمی بنانے کے سلسلے میں تمام کوششیں بروئے کار لائی جائیں گی۔