کوئی خطرہ نہیں ، الیکشن شفاف ہوا تو سندھ حکومت بنالیں گے، نثار کھوڑو

July 22, 2018

کراچی(جنگ نیوز)صدر پیپلز پارٹی سندھ نثار کھوڑو نے کہا ہے کہ ہمیں گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس سے کوئی خطرہ نہیں ہے، صاف و شفاف الیکشن ہوں تو پیپلز پارٹی سندھ میں حکومت بنالے گی پیپلز پارٹی کو دہشتگردی سے ڈرایا عوامی رابطوں سے روکنا بھی خدشات کا باعث ہے۔ وہ جیو نیوز کے پروگرام ”نیا پاکستان طلعت حسین کے ساتھ“ میں میزبان طلعت حسین سے گفتگو کررہے تھے۔ پروگرام میں گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کے رہنما ارباب غلام رحیم اور سینئر صحافی فیاض نائچ بھی شریک تھے۔ارباب غلام رحیم نے کہا کہ میں اپنے علاقے کی ساری نشستیں نکال لوں گااگر کچھ لوگ عوام کو پسند ہیں تو تبدیلی کی کیا ضرورت ہے، ہماری طرح ایاز لطیف پلیجو بھی سندھ کی ترقی چاہتے ہیں، پیپلز پارٹی پچھلے الیکشن میں سندھ تک رہ گئی حالیہ الیکشن صاف و شفاف ہوئے تو سندھ سے بھی آؤٹ ہوجائے گی۔سینئر صحافی فیاض نائچ نے کہا کہ پیپلز پارٹی کراچی کو چھوڑ کر سندھ کی چالیس میں سے 14 نشستیں ہار رہی ہے ، صوبائی نشستوں پر پی پی کوسخت مقابلے کا سامنا ہے۔میزبان طلعت حسین نے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سندھ میں الیکشن تبدیلی کا نہیں تسلسل کا الیکشن ہے، نام تبدیل ہوگئے ہیں مگر کام اور طریقہ کار پرانا ہے، اس وقت سندھ میں پیپلز پارٹی کی صورتحال ایسی ہی ہے جیسی ن لیگ کی پنجاب میں ہے، پیپلز پارٹی سندھ میں جن سیٹوں پر تکیہ کیا کرتی تھی وہ بعض جگہوں پر ان کے ہاتھ سے پھسلتی نظر آرہی ہیں، گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس سندھ سے بڑی طاقت کے طور پر ابھرسکتا ہے، جی ڈی اے کی کارکردگی کا سندھ اسمبلی پر تو اثر ہوگا ہی قومی سیاست پر بھی اس کے اثرات رونما ہوں گے، عموماً کہا جاتا ہے کہ شاید جیپ والے امیدوار پاکستان کی مرکزی سیاست کا دھارا بدلیں گے لیکن تیسرے،چوتھے، پانچویں اور چھٹے نمبر پرآنے والے گروپس میں جی ڈی اے نمایاں ہوسکتا ہے اور مرکز میں بھی بڑا اہم کردار ادا کرسکتا ہے، جی ڈی اے اور تحریک انصاف کے درمیان سیٹ ایڈجسٹمنٹ پاکستان کی موجودہ الیکشن کی تاریخ کی سب سے بڑی سیٹ ایڈجسٹمنٹ ہے، تحریک انصاف نے سندھ میں بہت سی جگہوں پر میدان خالی چھوڑا ہے جبکہ جی ڈی اے میں سندھیوں کے نمائندہ ہونے کے دعویداروں نے سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے ذریعہ پی ٹی آئی کیلئے جگہ چھوڑی ہوئی ہے۔صدر پیپلز پارٹی سندھ نثار کھوڑو نے کہا کہ گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس سے کوئی خطرہ نہیں ہے، یہ کل آپس میں لڑے ہوئے تھے آج کسی کے کہنے پرا کٹھے ہوگئے کل پتا نہیں اکٹھے رہیں گے یا نہیں، جی ڈی اے اپنی شکست دیکھتے ہوئے اب ایم ایم اے اور پی ٹی آئی کی حمایت حاصل کررہے ہیں، پنجاب میں آزاد امیدوار بڑی تعداد میں جیت جاتے ہیں مگر سندھ میں آزاد امیدوار نہ ہونے کے برابر جیتتے ہیں، یہ سوال ہے کہ کہیں کوئی مینج تو نہیں ہورہا، پیپلز پارٹی کو دہشتگردی سے ڈرایا جارہا ہے ، عوام سے رابطے کرنے سے روکنا بھی خدشات کا باعث ہے، صاف و شفاف الیکشن ہوں تو پیپلز پارٹی سندھ میں حکومت بنالے گی۔گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کے رہنما ارباب غلام رحیم نے کہا کہ جی ڈی اے میں نے، پیر پگارا،لیاقت جتوئی اور سندھ کے الیکٹ ایبلز نے مل کر بنایا ہے، اگر اچھے لوگ ہیں تو انہیں تبدیل کرنے کی کیا ضرورت ہے، اگر کچھ لوگ عوام کو پسند ہیں تو تبدیلی کی کیا ضرورت ہے، اگر لوگ ایک دفعہ کسی سے ناراض ہوتے ہیں تو دوسری دفعہ راضی ہوجاتے ہیں، اگر کوئی عوام کو اپنی اولاد کی طرح سمجھتا ہے تو وہ چوہدری ہو یا وڈیرہ ہو اچھا ہے، ہماری طرح ایاز لطیف پلیجو بھی سندھ کی ترقی چاہتے ہیں۔