کراچی کے مختلف علاقوں میں 2 زخمی ملزمان سمیت5 گرفتار

July 23, 2018

کراچی کے مختلف علاقوں میں پولیس کی کارروائیوں کے نتیجے میں2 زخمی ملزمان سمیت5 کو گرفتار کرلیا گیا ، عائشہ منزل پر ٹریفک حادثے میں ایک شخص جاں بحق ہو گیا، ملیر کینٹ کے قریب ڈکیتی میں مزاحمت پر ایک شخص زخمی ہو گیا۔

اتحاد ٹائون کے کاٹیج ایریا میں پولیس اسنیپ چیکنگ کررہی تھی کہ موٹرسائیکل سوار2 مشتبہ افراد کو رکنے کا اشارہ کیا اور نہ رکنے پر تعاقب کیا۔

پولیس کے روکنے اور تعاقب کرنے پر ملزمان نے فائرنگ کردی ،پولیس کی جوابی فائرنگ سے دونوں ملزمان قیصر اور گل محمد کو زخمی حالت میں اسلحے اورموٹرسائیکل سمیت گرفتار کرلیا گیا ہے۔

پی آئی بی سے بھی پولیس نے 3ملزمان کو گرفتار کرلیا جو منشیات فروشی اور اسٹریٹ کرائم میں ملوث ہیں، ملزمان میں سجاد، عامر اور بلال شامل ہیںجن سے اسلحہ اور منشیات بھی ملی ہے۔

ملیر کینٹ، چیک پوسٹ نمبر پانچ کے قریب ڈکیتی میں مزاحمت پر فائرنگ کے نتیجے میں 20سالہ ساجد زخمی ہوگیا۔

ادھر عائشہ منزل کے قریب گاڑی کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار شخص جاں بحق ہوگیا، جس کی شناخت منیر کے نام سے ہوئی ہے۔