سماجی شخصیت نعیم الغنی آرائیں کے اعزاز میں عشائیہ

August 06, 2018

سماجی شخصیت نعیم الغنی آرائیں کے اعزاز میں عشائیے میں شریک مہمانوں کا گروپ فوٹو

جاپان میں اکثر وبیشتر بیرون ِملک سے تشریف لائے ہوئے مہمانوں کے اعزاز میں پر تکلف عشایئے اور تقریبات تو منعقد ہوتی رہتی ہیں ، تاہم گزشتہ دنوں ایک ایسی تقریب کا اہتمام کیاگیا، جس کے مہمان خصوصی سماجی شخصیت نعیم الغنی آرائیں تھے، جن کی سماجی خدمات اور انسانی ہمدردی کے لئے کی گئی بے مثال کاوشوں کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے پاکستانی کمیونٹی نے اپنی نوعیت کی اس تقریب کا انعقاد پاکستانی ریستوران میں کیا، جس میں ڈنمارک سے Fukui Medical Universityکی دعوت پر ایک ماہ کے تربیتی کورس پر تشریف لائے سید اعجاز شاہ بخاری کے فرزند شہیر بخاری، کینیڈا سے تشریف لائے ہوئے ملک عصمت علی اور ان کے صاحبزادے ملک بلال نے خصوصی طور پر شرکت کی ۔

تقریب میں شریک ہر دوست نے نعیم آرائیں کی کمیونٹی کے لئے کی گئی خدمات کو اپنے اپنے انداز سے خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ نعیم آرائیں وہ عظیم پاکستانی ہیں جنھوں نے ہمیشہ اپنی ذات پر کمیونٹی کے مفاد کو فوقیت دی،جاپان کے کسی علاقے میں بھی کسی پاکستانی کی ناگہانی وفات پر اگر انھیںعلم ہوجائے تو وہ اپنی تمام مصروفیات ترک کرکے اس علاقے میں پہنچتے ہیں اور میت کوبخیر وخوبی پاکستان میں لواحقین تک بھیجنے میں اپنا کردار ادا کرتے رہے ہیں۔انھوں نے جاپان میں کرکٹ کو بھی عام کرنے اور بڑے بڑے ایونٹ کاانعقاد کرنے میں بہت کوششیں کیں۔

پاکستان ایسوسی ایشن میں بھی ان کابڑا اہم کردار رہا ہے۔ جاپان میں پیپلز پارٹی کے بڑے سرگرم رکن بھی ہیں۔ نعیم آرائیں بلاشبہ کمیونٹی کی غیر متنازعہ شخصیت ہیں اور یہی وجہ ہے کہ انھیں جاپان بھر میں مقیم پاکستانی کمیونٹی میں بڑی عزت واحترام کی نگاہ سے دیکھا جاتاہے ۔وہ تیس سال سے بھی زائد عرصے سےجاپان میں مقیم ہیں، انھوں نے متعدد پاکستانیوں کو بلاامتیاز جاپانی کمپنیوں میں ملازمتیں دلوائیں اور کئی پاکستانیوں کو گاڑیوں کے کاروبار سے آشنا کیا اور ان کی مدد کی، ان کے تعاون اور رہنمائی سے آج جاپان میں کئی پاکستانی ایک کامیاب بزنس مین کے طور پر جانے جاتے ہیں ۔

تقریب میں شریک تمام دوستوں نے ان کی صحت کے لئے خاص طور پر دعا کی۔ڈنمارک سے تشریف لائے ہوئے شہیر شاہ بخاری کو بھی جاپان میں خوش آمدید کہا گیا اور ان کی کامیابی کے لئے بھی دعا کی گئی ،شہیر شاہ نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ مجھے اتنی زبردست تقریب میں اتنے اہم لوگوں کو دیکھ کر بہت زیادہ خوشی ہوئی ہے کیونکہ ڈنمارک میں پاکستانیوں کی تعداد بہت زیاد ہ ہے اس کےباوجود وہاں پر اس طرح کی تقریبات کا فقدان ہے جبکہ جاپان میں پاکستانی کمیونٹی کی تعداد کم ہونے کے باوجود اس میل ملاپ ، محبت وخلوص نے مجھے بہت متاثر کیاہے۔

مہمان خصوصی نعیم آرائیں نے ان تمام دوستوں کا شکریہ ادا کیا جنھوں نے ان کے لئے اس پروقار تقریب کا اہتمام کیا تھا۔تقریب میں ملک سلیم، چوہدری ارشا د (روبی شاچو)،نوید امین، عرفان صدیقی،محمد اعجاز ،طیب خان، امجد تایا المعروف فیصل آباد ،ملک عصمت ،ملک بلال ، مرزا خلیل بیگ ،ممتاز عالم، رانا عامر ،حافظ خالد محمود ،شجاع الدین شامی، امجد ڈوگر ،ملک ارشد ، ڈاکٹر رحمان، الحاج محمد انعام الحق ،عامر فواد اور چوہدری زاہد فاروق نے شرکت کی۔