قومی اسنوکر چیمپئن شپ: محمد آصف کا 138 کا بڑا بریک

August 07, 2018

ٹاپ سیڈ محمد آصف نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے این بی پی قومی اسنوکر چیمپئن شپ میں 138 کا بڑا بریک کھیلا۔ یہ موجودہ ٹورنامنٹ کا سب سے بڑا بریک ہے۔ اس کے ساتھ ہی محمد آصف نے مسلسل تیسرے مقابلے میں کامیابی بھی حاصل کی۔ ان کے علاوہ مسلسل تیسرا میچ جیتنے والے کھلاڑی ذوالفقار اے قادر ہیں۔ ان دونوں کھلاڑیوں نے اگلے مرحلے کیلئے بھی جگہ بنالی ہے۔

علاوہ ازیں ٹاپ سیڈڈ کھلاڑیوں کو اپنے اپنے میچز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ نمبر تین سیڈ بابر مسیح نے بھی 109 کا بریک کھیلا۔ لیگ رائونڈ جمعرات تک جاری رہے گا اور جمعے سے ناک آئوٹ مرحلے کا آغاز ہوگا۔

نیشنل بینک اسپورٹس کمپلکس میں کھیلے جانے والے ٹورنامنٹ کے تیسرے روز کوئی اپ سیٹ نہیں ہوا۔ ٹاپ سیڈ محمد آصف نے راشد محمود عباسی کے خلاف بآسانی 4-0 کی فتح حاصل کی۔ چوتھے اور آخری فریم میں انہوں نے 138 کا شاندار بریک کھیلا۔

نمبر تین سیڈ بابر مسیح نے بھی محمد اعجاز کو باسانی 4-0 سے زیر کیا۔ بابر نے تیسرے فریم میں 109 کا سنچری بریک کھیلا۔

نمبر آٹھ سیڈ ذوالفقار عبدالقادر نے فرحان نور کے خلاف 4-2 سے فتح اپنے نام کی۔

محمد نسیم اختر اور عبداللہ کے درمیان سخت مقابلہ رہا جس میں نسیم اختر نے 4-3 سے کامیابی حاصل کی۔

دیگر مقابلوں میں سہیل شہزاد نے عمران شہزاد کو4-1 سے، اسجد اقبال نے عبدالجاوید کو 4-1 سے، شرجیل محمود نے عبدالستار کو 4-2 سے، محمد ماجد علی نے عامر سہیل کو 4-1 سے، سلطان خان نے آغا بلاول کو 4-2 سے، شاہد آفتاب نے شیخ مدثر کو 4-2 سے، قدیر عباس نے محمد شہباز کو 4-1 سے، آکاش رفیق نے محمد نے عمیر عالم کو 4-2 سے، محمد احسن جاوید نے محمد عمران کو 4-2 سے شکست دی۔