تلواریں نیام میں رکھیں، حکومت بنانی اور کرنی ہے، عمران خان، قومی و  خیبرپختونخوا اسمبلیوں کے اجلاس پیر کو طلب

August 10, 2018

کراچی (این این آئی‘صباح نیوز)تحریک انصاف نے کراچی کو ایک سو دن میں تبدیل کرنے کیلئے انقلابی اقدامات اٹھانے کا فیصلہ کرلیا۔ تحریک انصاف سندھ کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس چیئرمین عمران خان کی زیر صدارت بنی گالہ میں ہوا ،اجلاس میں کراچی بالخصوص سندھ کی صورتحال پر بات چیت کی گئی ۔ذرائع کے مطابق اجلاس کے دوران عمران خان نے تحریک انصاف کراچی کے صدر فردوس شمیم نقوی کے بیان پر ناراضگی کا اظہار کیا اور آئندہ محتاط رہنے کی ہدایت کی ۔ اجلاس کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے فردوس شمیم نقوی کا کہنا تھاکہ پارٹی چیئرمین نے تنبیہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس وقت حکومت بنانا اورکرنا سب سے اہم ہے، تلواریں نیام میں رکھیں۔ایم کیو ایم سے اتحاد مجبوری ہے یا نہیں ؟ اس بیان کے بارے میں فردوس شمیم نقوی نے کہا کہ عمران خان نے خاموش رہنے کا کہا ہے اس لیے خاموش رہوں گا۔فردوس شمیم کے مطابق عمران خان نے کہا کہ جب تک کراچی میں ترقی نہیں ہوگی پاکستان میں نہیں ہوگی۔تحریک انصاف کے رہنما نے کہا کہ میرے بیان سے مجھے فائدہ ہوا، اتنی شہرت کبھی نہیں ملی۔انہوں نے کہا کہ میں 22 سال سے پارٹی میں ہوں کبھی عہدے کی خواہش نہیں کی، کراچی کی ترقی کے لیے جو بھی ساتھ دے گا اس کو خوش آمدید کہیں گے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ اصولوں پر ایم کیو ایم ہمارا ساتھ دے گی تو ہم اس کا ساتھ دیں گے‘ انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف سندھ کی پارلیمانی پارٹی نے عمران خان سے کراچی کی نشست نہ چھوڑنے کی درخواست کی ۔اجلاس میں کراچی کے مسائل پر سیر حاصل گفتگو کی گئی حکومت بنانے کے بعد ایک سو دن میں کراچی کوکیا کچھ دیا جاسکتا ہے اس پر انقلابی اقدامات اٹھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے فردوس شمیم نقوی کا کہنا تھاکہ عمران خان لوکل باڈیز کو مضبوط کرنے کیلئے اقدامات پر زور دیا ہے اور کہا ہے کہ سندھ میں ہمارا مقابلہ پیپلزپارٹی سے ہے ‘عمران خان نے سندھ کو بدلنے اور اس کی بہتری کے لیے مکمل تیاری کرلی ہے اور آئندہ دور سندھ میں پی ٹی آئی کا ہوگا ۔