این اے 246 لیاری،ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی درخواست مسترد

August 15, 2018

سندھ ہائی کورٹ نے کراچی میں این اے 246 لیاری سے پی ٹی آئی کے عبدالشکور شاد کی کامیابی اور ووٹوں کی دوبارہ گنتی سے متعلق تحریک لبیک کے امیدوار کی درخواست مسترد کردی ہے۔

سندھ ہائی کورٹ نے درخواست کو مستردکرتے ہوئے درخواست گزار کو الیکشن ٹریبونل سے رجوع کرنے کی ہدایت کی ہے۔

پی ٹی آئی کے امیدوار کی کامیابی کو تحریک لبیک پاکستان کے ہارنے والے امیدوار احمد نے چیلنج کیا تھااور کہا تھا کہ لیاری سے تحریک لبیک پاکستان کے امیدوار نے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو سے زیادہ ووٹ لیے۔

ٹی ایل پی امیدوار نے مزید بتایا کہ جتنے بھی پولنگ اسٹیشنز سے فارم 45 موصول ہوئے ان کے مطابق احمد پیپلزپارٹی اور تحریک انصاف کے امیدواروں سے برتری پر ہیںاس لیے حلقے میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کرنے کا حکم دیا جائے۔

اس کے جواب میںعدالت کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے کامیاب امیدواروں کی کامیابی کا نوٹیفیکشن جاری ہونے کی بعد درخواست دائر کی گئی اور اس وقت آر اوز کے پاس اختیار ہی نہیں ہیں تو ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا حکم کس کو دیں۔